مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں کی خودکشیوں میں ہوشربا اضافہ ،مودی سرکار کی پریشانیاں بڑھنے لگیں

مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں کی خودکشیوں میں ہوشربا اضافہ ،مودی ...
مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں کی خودکشیوں میں ہوشربا اضافہ ،مودی سرکار کی پریشانیاں بڑھنے لگیں

  

سری نگر(ڈیلی پاکستان آن لائن) مقبوضہ جموں کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں کی خودکشیوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا،گذشتہ ماہ  اکتوبر 2020میں مقبوضہ وادی میں تعینات 7اہلکاروں نے اپنی بندوق کا استعمال کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا،مبصرین کے مطابق انڈین سیکیورٹی فورسز میں خودکشی کابڑھتاہوارجحان سخت ڈیوٹی،افسران کا ناروا سلوک،کشمیریوں کی جانب سے مزاحمت اور حملوں کا خوف، عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں بھی شامل ہیں،مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کی خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر مودی سرکار بھی سخت پریشان  ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق یکم اکتوبر کو جموں کشمیر کے مضافاتی علاقے گجن سون میں ریاست مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والے فوجی افسر چکر پانی پرسادتیواری نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی ماہر کر اپنی جان کا خاتمہ کیا۔اسی طرح 2اکتوبر کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے گوہلان اوڑی میں جکلے رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے رکھشت کمار نامی فوجی نے سرکاری بندوق سے فائر کر کے اپنی زندگی ختم کی۔ اہلکار کی عمر بائیس سال تھی۔6اکتوبر کو وسطی ضلع گاندربل کے چھتر گل کنگن میں تعینات جگمیت سنگھ نامی اہلکار نے خودکشی کی جبکہ گیارہ اکتوبر کو ضلع کپواڑہ کے سرحدی علاقے نوگام سیکٹر میں تعینات ملائی راج نامی اہلکار نے خودکشی کی۔

خود کشی کا ایک اور واقعے میں 12اکتوبر 2020کو شمالی ضلع کپواڑہ کے ہندوارہ میں تعینات سشسترا سیما بل کے ایک جوان نے مبینہ طور پر اپنے آپ پر گولی چلا کر خود کشی کر لی ہے۔مبینہ خود کشی کا یہ واقعہ ولگام ہندوارہ میں واقع ایس ایس بی کیمپ میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو پیش آیا تھا۔علاوہ ازیں 15اکتوبر کو سری نگر میں تعینات اہلکار نے خودکشی کی جبکہ 12اکتوبر کو سرکاری رائفل سے خود کو گولی مارنے والا بھارتی فوجی 14روز زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔

کشمیر کے حالات پر نظر رکھنے والے مبصرین کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان سخت ڈیوٹی، عزیز و اقارب سے دوری اور گھریلو و ذاتی پریشانیاں ہیں، اسی وجہ سے خودکشی کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔تجزیہ نگاروں کے مطابق فوجیوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد ہوا، بڑھتے ہوئے واقعات پر مودی سرکار بھی سخت پریشان ہے کیونکہ اس سے دیگر اہلکاروں کے حوصلے پست ہورہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوری 2007سے 28ستمبر2019تک مقبوضہ کشمیر میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 433 تک پہنچ چکی تھی جس میں رواں سال مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -