لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور میں سموگ کی شدت کے حوالے سے موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کر دیا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق لاہور میں آئندہ 48 گھنٹے سموگ کی شدت برقرار رہے گی۔ناسا نے بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصل کی باقیات جلانے سے سموگ میں شدت آنے کی فضائی تصویر جاری کر دی۔
ہواو¿ں کا رخ بدلنے سے گزشتہ روز لاہور میں فضائی آلودگی اوسط 157 پر تھی جبکہ گزشتہ پانچ دن تک لاہور میں فضائی آلودگی اوسط 180 پر رہی تھی۔بھارت سے آنے والی تیز رفتار ہوا کے ساتھ دھواں بھی پاکستانی علاقوں میں داخل ہو گیا۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فصلوں کی باقیات جلانے سے سموگ میں تیزی سے اضافہ ہوا۔اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر برائے پنجاب مریم اورنگزیب نے اپیل کی ہے کہ سموگ میں اضافے پر شہری گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں سے درخواست کی کہ ماسک لازمی پہنیں، سانس، سینے اور دل کے امراض میں مبتلا افراد، بزرگ کھلی فضا میں نہ جائیں۔
خیال رہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کا فضائی معیار آج 1067 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جو کہ انتہائی مضر صحت ہے ۔