لاہور لائنز کی کرکٹ ٹیم چیمپئنز لیگ میں شرکت کرنے کے بعدلاہورپہنچ گئی

لاہور لائنز کی کرکٹ ٹیم چیمپئنز لیگ میں شرکت کرنے کے بعدلاہورپہنچ گئی

  

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) لاہور لائنز کی کرکٹ ٹیم چیمپئنز لیگ میں شرکت کرنے کے بعد بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے لاہور واپس پہنچ گئی ۔لاہور لائنز کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں کپتان محمد حفیظ ،عدنان رسول ،آغا سلمان ،احمد شہزاد ،اعزاز چیمہ ،علی منظور ،آصف رضا ،عمران علی ،محمد سعید ،مصطفی اقبال ،ناصر جمشید ،سعد نسیم ،عمر اکمل ،عمر صدیق ،وہاب ریاض اور میڈیا مینجر رضا راشد شامل ہیں ۔واہگہ بارڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ نے کہاکہ ٹیم نے چیمپئنز لیگ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور جیت کی بھرپور کوشش کی لیکن افسوس ٹیم سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکی ۔ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے تاہم ٹیم نے بھرپور فائٹ کی ۔ایمپائرنگ کے متنازعہ فیصلوں کے بارے میں کیئے گئے تبصرہ میںمحمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اسے انسانی غلطی ہی قرار دیا جاسکتا ہے ۔

سپرٹ آف گیم میں ایمپائر کا فیصلہ ماننا پڑتا ہے لیکن لگتا ہے کہ ایمپائرنگ کی انسانی غلطیاں لاہور لائنز کی ٹیم کے خلاف زیادہ ہوئیں ۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والے میچز کے دوران نئے کھلاڑیوں پر کافی دباﺅ تھا ۔ٹیم کے ساتھ فیلڈنگ کوچ ،بیٹنگ کوچ نہیں تھے ۔کھلاڑیوں نے اپنے ٹیلنٹ کے باعث ٹورنامنٹ میں بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ۔لڑکوں کو سیکھنے کا کافی موقع ملا ۔ملک کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچہ میں بہترین کی ضرورت ہے اور اسے ایک سسٹم کے تحت منظم کیا جائے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ گیارہ سال سے باﺅلنگ کرچکے ہیں اور متعدد ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں ۔چیمپئنز لیگ کے دوران باﺅلنگ ایکشن کے بارے میں وارننگ ملی جو کہ میرے لئے دھچکہ تھا لیکن میں تو اپنی باﺅلنگ نارمل ایکشن کے ساتھ ہی کرواتا ہوں اور گزشتہ میچ میں بھی معمول کے ایکشن کے مطابق باﺅلنگ کروائی ۔انہوں نے کہاکہ آئی سی سی مشکوک باﺅلنگ ایکشن کو چیک کرنے کے لئے ایک ضابطہ بنائے اور پھر دنیا کے تمام باﺅلروں کے باﺅلنگ ایکشن کو چیک کیا جائے ۔جو باﺅلر آئی سی سی کے معیار پر پورا اترے اسے باﺅلنگ کرنی کی اجازت ہو اور جو میعار پر پورا نہ اترے اس پر پابندی لگ جائے ۔ محمد حفیظ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف یو اے ای میں کرکٹ سیریز کانٹے دار ہوگی ۔پاکستان کی ٹیم کو اس بات کا ایڈوانٹج حاصل ہے کہ وہ یو اے میں کافی دفعہ کھیل چکی ہے ۔ واضع رہے کہ محمد حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن کو چیمپئنز لیگ میں لاہور لائنز اور ڈولفنز کے میچ کے دوران رپورٹ کیا گیا تھا ۔

 

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -