باؤلرز کا ایکشن چیک کرنے کیلئے مخصوص سانچے سے گزارا جائے محمد حفیظ

باؤلرز کا ایکشن چیک کرنے کیلئے مخصوص سانچے سے گزارا جائے محمد حفیظ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( این این آئی)چمپئنز لیگ میں شرکت کرنیوالی لاہو رلائنز کے کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ سب کیلئے معیار ایک ہونا چاہیے ،تمام بالرز اکے ایکشن کا جائزہ لینے کے لئے مخصوص سانچے سے گزارا جائے جو اسے پاس کر لے وہ کھیلے اور جو پاس نہ کرے وہ باہر بیٹھ جائے ، پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ، محدود وسائل کے باوجود بھارت میں اچھی کرکٹ کھیلی جس کے ذریعے یہ ثابت کرنا تھا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل سکتے ہیں ،پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اسے تکنیکی اور جدید نظام میں ڈھالنے کی ضرورت ہے ۔ بھارت میں ہونیوالی چمپئنز لیگ میں شرکت کے بعد واہگہ کے راستے وطن واپس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور لائنز کے کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم میں ایسے بہت سے لڑکے تھے جو پہلی مرتبہ بھارت گئے تھے اور دباؤ میں تھے مگر ٹیم مینجمنٹ نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور ممبئی انڈننز کے خلاف فتح کے بعد کھلاڑیوں نے انجوائے کیا اور اچھی کرکٹ کھیلی ۔ انہوں نے امپائرز کے متنازعہ فیصلوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ انسانی غلطی ہو سکتی ہے اور فیلڈ میں امپائر کا فیصلہ ماننا پڑتا ہے ۔ جان بوجھ کر کوئی بھی غلط فیصلہ نہیں کرتا لیکن پاکستان کے خلاف یہ کئی مرتبہ ہو چکا ہے ۔ محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کے لئے کام کرنے کی بڑی ضرورت ہے ۔ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اورسب نے دیکھا کہ ہمارے ٹیلنٹ نے ہی پرفارم کیا ۔ اس ٹیلنٹ کو تکنیکی اور جدید نظام میں ڈھالنے کی ضرورت ہے ۔ ہم محدود وسائل کے ساتھ بھارت گئے ، ہمارے ساتھ فیلڈنگ ‘ بالنگ اور بیٹنگ کوچ نہیں تھے لیکن ہم نے اپنا مقصد حاصل کیا ہے اور اچھی کرکٹ کھیل کر دکھائی ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں یہ برتری حاصل ہو گی کہ ہم یو اے ای میں تین چار سال سے کھیل رہے ہیں اور وہاں کی کنڈیشنز سے واقف ہیں ۔ ماہرین پنی مرضی سے پچز تیار کرتے ہیں او ریہ زیر بحث بھی رہا البتہ ہمیں یو اے ای میں سیریز کا فائدہ ہوگا لیکن جو اچھا کھیلے گا وہ جیتے گا ۔ انہوں نے اپنے بالنگ ایکشن پر وارننگ کے سوال کے جواب میں کہا کہ وارننگ سے اگلے میچ میں بھی میں نے بالنگ کرائی لیکن اپنے ایکشن میں کوئی تبدیلی نہیں لایا بلکہ اسی طرح بالنگ کی جس طرح پہلے کر رہا تھا۔ اس کے لئے چاہیے کہ تمام بالرز کو ایک سانچے سے گزارا جائے جو پاس کر لے وہ کھیلے اور جو پاس نہ کر سکے وہ باہر بیٹھے لیکن اسکے لئے معیار کو برابر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ احمد شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چمپئنز لیگ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور اس میں سب نے اپنا اپنا کردار ادا کیا ۔ ٹیم میں ایسے لڑکوں کی تعداد زیادہ تھی جو پہلی مرتبہ اتنے کراؤڈ میں کھیلے ۔ ہم سے کچھ غلطیاں بھی ہوئیں لیکن ہم انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے آخری میچ نہ کھیلنے کے سوال کے جواب میں بتایا کہ بخار کی وجہ سے میچ نہیں کھیل سکا حالانکہ یہ اہم میچ تھا۔ فیصلہ کیا گیا کہ اگر میں اس حالت میں جا کر بھی پرفارم نہ کر سکوں تو کیوں نہ نیا لڑکاکھیلے اور سو فیصد پرفارم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلوں سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے اوراعتماد حاصل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک آدھ فیصلہ ہمارے خلاف نہ جاتا تو نتائج مختلف ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مقابلے دلچسپ ہونگے اور کرکٹ شائقین اس سے لطف اندوز ہونگے۔