ایشین ہاکی۔۔۔ آج بھارت سے ٹاکرا ہو گا!

ایشین ہاکی۔۔۔ آج بھارت سے ٹاکرا ہو گا!

  

کوریا کے شہر انچیون میں آج پرانے حریف پاکستان اور بھارت ایک مرتبہ پھر جیت کے لئے آپس میں ٹکرائیں گے، بھارت چین کو ہرا کر ہاکی کے فائنل میں پہنچا، جبکہ پاکستان نے ملائیشیا کو شکست دی اور نہ صرف ایشین اولمپکس کے فائنل، بلکہ اگلے عالمی اولمپک مقابلوں کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو ایشیائی اولمپکس میں یہ کامیابی بہت دیر کے بعد ملی۔ ماضی کے اولمپک مقابلوں میں پاکستان ہاکی ٹیم کوالیفائی نہ کر سکنے کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکی۔ ان مقابلوں میں پہلے لیگ میچ میں پاکستان بھارت کو2-1سے ہرا چکا ہوا ہے اور یوں پورے پول میں کوئی بھی میچ نہیں ہارا۔

انچیون میں آج پھر ان دونوں ٹیموں کا فائنل میں مقابلہ ہو گا اور یہ فیصلہ ہو گا کہ آئندہ کے لئے ایشین چیمپئن کون ہو گا۔ پاکستان نے گزشتہ روز ملائیشیا کو ہرایا تھا جو اعزاز کا دفاع کر رہا تھا۔ یوں فائنل کے لئے راہ ہموار کی۔ ٹیم آفیشل خصوصاً منیجر شہناز شیخ کی رائے ہے کہ نوجوان کھلاڑی عالمی اولمکپس کے لئے کوالیفائی کر لینے کی وجہ سے بہت پُرجوش ہیں اور جیتنے کے لئے پُرعزم ہیں، کھلاڑیوں کو فائنل میں بھی جوش اور ہوش کو ملا کر حوصلے سے کھیلنا ہوگا کہ جیت مقدر بن جائے۔

ایشیائی اولمپکس میں اس مرتبہ پاکستانی دستے کی کارکردگی گزشتہ ادوار سے بہتر رہی ہے اس سے پہلے خواتین کی کرکٹ ٹیم فائنل جیت کر سونے کا تمغہ حاصل کر چکی اور واپس آ گئی ہے۔ بعض دوسرے مقابلوں میں بھی تمغے ملے ہیں۔ بہرحال ہاکی کے مستقبل کے لئے آج کا میچ انتہائی اہم ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے۔ اس میں ہماری ٹیم عالمی اولمپکس سے عالمی کپ اور ایشیائی کپ تک جیت کا ریکارڈ رکھتی ہے، لیکن کچھ عرصے سے یہ کھیل بھی زوال پذیر تھا اب یہ توقع بندھ گئی ہے کہ پاکستان ہاکی پھر سے ملک کا نام روشن کرے گی۔ آج کے میچ کے لئے پوری قوم اپنی ٹیم کے حق میں دُعا گو ہے۔

مزید :

اداریہ -