قیدیوں کو فنی تربیت کے کورسز کروانے کیلئے دائر درخواست پر جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے جیلوں میں قیدیوں کو فنی تربیت کے کورسز کروانے کیلئے دائر درخواست پر ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے ردا قاضی کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب بھر کی مختلف جیلو ں میں 52ہزار کے قریب قیدی ہیں جنہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ، درخواست گزار کے مطابق قیدیوں کی مناسب تعلیمی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہو رہاہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ قیدیوں کو جیلوں میں ٹیوٹا کے ذریعے فنی تربیت کے کورسز شروع کروائے جائیں، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔