سیلاب متاثرین کو بنکوں کی بجائے نقد ادائیگی کا طریقہ رائج

سیلاب متاثرین کو بنکوں کی بجائے نقد ادائیگی کا طریقہ رائج

  

مریدکے(نامہ نگار)صوبائی وزیر برائے خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدائت پر سیلاب سے متاثرہ افراد کو بنکوں کے دھکوں سے نجات دلاتے ہوئے انہیں نقد ادائیگی کا طریقہ کار رائج کیا گیا ہے اور دوسرے مرحلے میں فصلوں کے متاثرہ کسانوںکو بھی اسی طریقہ سے ادائیگی کر دی جائے گی۔چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی سی او شیخوپورہ علی جان خان، کلکٹر شیخوپورہ محترمہ اُم کلثوم حئی ، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے سندس ارشاد، سب رجسٹرار مریدکے سید منور عباس بخاری اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر مس نازیہ ممتازکے ہمراہ مریدکے اور کالا شاہ کاکو میں قائم سہولت سنٹروں کے دورہ کے متاثرین کو اپنے ہاتھوں سے نقد رقوم کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے 16اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے جن میں رہائشی مکانات کے چالیس فیصد سے زائد حصے کے نقصان کے حامل تقریباً پچاس ہزار خاندانوں میں ابتدائی طور پر 25ہزار روپے فی کس نقدی ادائیگی کا سلسلہ شروع کرد یا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ متعدد سرکاری محکموں کے الگ الگ سروے کے بعد نادرا کے ریکارڈ سے تصدیق شدہ افراد کورقوم کی فوری ادائیگی کی جارہی ہے تا کہ ہمارے یہ بھائی عید کی خوشیاں منا سکیں۔ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں دوبارہ اپنے پاو¿ںپر کھڑا کرکے معاشرے کا اہم شہری بنائے گی۔ عوامی خدمت ہی جمہوری سیاست کی روح ہے جبکہ احتجاجی سیاست عوامی مسائل میں اضافہ کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ صوبائی وزیر نے اپنے دورہ کے دوران ہر کاو¿نٹر پر جا کر اقدامات کا جائزہ لیا اور انگوٹھوں کی تصدیق کے دوران پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ عملہ کو ہدائت کی کہ کسی ایک انگلی کے تصدیق نہ ہونے کی صورت میں پورے ہاتھوںکی انگلیوں کی تصدیق کی جائے تا کہ کوئی بھی متاثرہ شخص فنی خرابی کے باعث امداد کی رقم سے محروم نہ رہ سکے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت 20اکتوبر کے بعد فصلوں کے نقصان کے حامل کاشتکاروں کو بھی مالی امداد کا سلسلہ شروع کر ے گی اور ان کی سہولت کے لیے قریبی علاقوں میں سہولت سنٹر قائم کئے جائیں گے تا کہ وہ لمبی قطاروں اور دھکوں سے محفوظ رہ سکیں۔ ڈی سی او شیخوپورہ علی جان خان نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ضلع شیخوپورہ میں433خاندانوں کے مکانات سیلابی پانی سے متاثر ہوئے ہیں جنہیں فوری ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر سے قبل مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین، ایم پی اے خرم اعجاز چٹھہ، مارکیٹ کمیٹی مریدکے کے چیئر مین رانا حسیب، میڈیا کوارڈی نیٹر سید اعجاز الحسن شیرازی ِ ٹی ایم اے کے آفیسر چودھری اشرف گجر نے سہولت سنٹروں کا دورہ کرکے متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کیں۔

مزید :

صفحہ آخر -