دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کے قابل سماعت ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے شہری قریشی محمد اسلم کی طرف سے دائر درخواست کی بطور اعتراض کیس سماعت کی،د رخواست گزار کے مطابق حکومت نے عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، درخواست گزار کے مطابق اپوزیشن جماعتیں الزام لگا رہی ہیں کہ وزیر اعظم کی موجودگی میں کمیشن کی تحقیقات شفاف نہیں ہو سکتیں اور وہ کمیشن کی رپورٹ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، درخواست گزار میں استدعا کی گئی ہے کہ ملک میں موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے اور عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کئے جائیں، رجسٹرار آفس کی طرف سے اعتراض عائد کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل دو سو اڑتالیس کے تحت وزیر اعظم کو استثنیٰ حاصل ہے جس کی وجہ سے یہ درخواست ناقابل سماعت ہے، درخواست گزار کے مطابق اہم معاملہ ہے لہذا اعتراض ختم کر کے درخواست کی سماعت کا حکم دیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت یا ناقابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزید :

صفحہ آخر -