خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان ،عمران خان کا الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار

خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان ،عمران خان کا الیکشن کمیشن پر ...

  

                            لاہور(شہباز اکمل جندران//انوسٹی گیشن سیل) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نومبر میں خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرکے الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 140-Aاور آرٹیکل219-dکے تحت بلدیاتی انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ مئی 2013کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن پر دھاندلی کے مسلسل الزامات عائد کرنے اور کمیشن کی تحلیل کا مطالبہ کرنے والے عمران خان کو موجودہ الیکشن کمیشن کے ذریعے ہی بلدیاتی الیکشن کروانا ہونگے۔معلوم ہواہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ کے پی کے میں رواں نومبر میں بلدیاتی انتخابات کروائینگے۔ اگرچہ کے پی کے میں صوبائی سطح پر انتخابی قوانین کے عدم تیاری اور عدم موجودگی کے باعث الیکشن کمیشن نے نومبر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو ناممکن قرار دیدیا ہے۔ لیکن اس سے قطع نظر 11مئی 2013کے بعد الیکشن کمیشن پر دھاندلی کے لگاتار الزامات عائد کرنے اور الیکشن کمیشن کی تحلیل کا مطالبہ کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے اس بیان کے ذریعے الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔ کیونکہ ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صرف الیکشن کمیشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ا پریل 2010کو وجود میں آنے والی دستورپا کستان کی 18ویں ترمیم کے تحت آئین کے آرٹیکل 140Aاور آرٹیکل 219(d)کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا گیا ہے۔ اگرچہ 2001اور 2005کے بلدیاتی الیکشن بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کروائے تھے۔ لیکن یہ الیکشن سابق صدر مملکت پرویز مشرف کے کہنے پر کروائے گئے ۔آرٹیکل 140Aکی کلاز 1))کے تحت ہر صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کروانے اور صوبے میں بلدیاتی نظام لاگو کرنے کی پابند ہے۔ جبکہ اسی آرٹیکل کی کلاز(2)کے تحت بلدیاتی الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔اسی طرح آئین کے آرٹیکل 219(d)کے تحت قرار دیا گیا ہے کہ ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی انتخابات منعقد کروانا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔موجودہ الیکشن کمیشن کے ذریعے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن پر تحریک انصاف اور عمران خان کے اعتماد کا مظہر ہوگا۔

مزید :

صفحہ آخر -