بچی برآمد کر کے پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ چوہنگ سے وضاحت طلب
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت کی خاتون جج نے درخواست گزار کا بچہ برآمد کرکے پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ چوہنگ کو آئندہ سماعت پر وضاحت کے لئے عدالت طلب کرلیا ہے جبکہ متعلقہ ڈی ایس پی عدالتی حکم کی تعمیل کے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔درخواست گزار نبیلہ بی بی نے حبس بے جا کی درخواست میں موقف اختیار کررکھا ہے کہ اس کے شوہر افضل نے گھریلو ناچاقی پر مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا اور 6ماہ کی شیرخوار بیٹی کو چھین کر گھر میں ہی محبوس کر رکھا ہے۔ عدالت نے دائر درخواست پر ایس ایچ او تھانہ چوہنگ کو نوٹس جاری کرکے درخواست گزار کا بچہ برآمد کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود بچے کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے مذکورہ بالا احکامات جاری کئے ہیں۔