776ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادیں

776ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادیں

  

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے اور نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کی فہرست جاری کر دی جس کے مطابق نواز شریف،عمران خان،شہباز شریف،خورشید شاہ اور چوہدری شجاعت سمیت 776 ارکان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادیں ،15اکتوبر تک تفصیلات جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن جاری کردہ بیان کے مطابق یکم اکتوبرتک 776 ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات موصول ہوچکی ہیں جن میں سینٹ کے 88، قومی اسمبلی کے 270، پنجاب اسمبلی کے 197، سندھ اسمبلی کے 114، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 71 اور بلوچستان اسمبلی کے 36 ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات شامل ہیں جبکہ اسد عمر، طارق فضل چوہدری، شاہد خاقان عباسی، خرم دستگیر، دانیال عزیز، اویس لغاری، فریال تالپور، عارف علوی، عبدالقادر بلوچ، صدرالدین شاہ، تاج حیدر اور غفور حیدری اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف ،اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ،،وزیراعلی پنجاب شہباز شریف،وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چوہدری ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیری مزاریں، سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی،ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادیں،تفصیلات جمع کرانے والوں میں مستعفی رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے 30 ستمبر کی تاریخ دی تھی جس میں بعدازاں پندرہ روزکی توسیع کردی گئی اور خبردارکیاگیاکہ15 اکتوبر تک کسی رکن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرائیں تو رکنیت معطل کردی جائے گی۔

الیکشن کمیشن

 

مزید :

علاقائی -