پولیس ملازمین کوہفتہ وار چھٹی نہ ملنے سے اہلکار و افسران پریشانی کا شکار

پولیس ملازمین کوہفتہ وار چھٹی نہ ملنے سے اہلکار و افسران پریشانی کا شکار

  

لاہور( کرا ئم سیل ) محکمہ پولیس میں سرکاری طور پر کانسٹیبل سے لیکر انسپکٹر کے عہدے کے تمام ملازمین کو ملنے والی ہفتہ وار چھٹی نہیں دی جارہی ہے جس کے باعث پولیس اہلکار و افسران پریشانی کا شکار ہوگئے جبکہ بعض پولیس اہلکار، محرر اور انسپکٹر اپنے افسران سے طویل چھٹیاں لیکر رخصت پرچلے جاتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)امین وینس نے اپنے عہدے کا چارج لیتے ہی واضح احکامات جاری کئے تھے کہ کانسٹیبل سے لیکر انسپکٹر کو ہفتہ وار ایک چھٹی کا حق ہے،اس کے باوجود بعض پولیس افسران اپنے چہیتوں کو ہی چھٹی کی اجازت دے رہے ہیں جس سے بیشتر پولیس اہلکارو افسران دلبرداشتہ ہوچکے ہیں ۔بعض پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ دور دراز سے آئے ہوئے ہیں، گھروں میں مسائل اور بیماری کے باعث بھی متعلقہ افسران چھٹی نہیں دے رہے ۔ محکمہ پولیس واحد ایک ایسا سرکاری ادارہ ہے جہاں آٹھ گھنٹے کی بجائے چوبیس گھنٹے تک ڈیوٹی دی جارہی ہے ، تگڑی سفارش والوں کو چھٹیاں مل جاتی ہیں جبکہ ایمانداری اور محنت لگن سے ڈیوٹیاں کرنے والے اہلکاروں کو انکا حق نہیں ملتا نہ ہی انکو کوئی چھٹی دی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں ایک پولیس افسر نے بتایا کہ محکمہ میں نفری کی کمی کے باعث پولیس اہلکاروں کی چھٹیوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ دھرنے جلسے و جلوس، وی وی آئی پی ڈیوٹیاں بھی ضروری ہیں سکیورٹی کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جلد ہی یہ معاملہ ٹھیک ہوجائے گا۔

مزید :

علاقائی -