عوام کے جان ومال کے تحفظ کی خاطر مفروروں اور غنڈوں کو گرفتار کرنا ضروری ہے امین وینس
لا ہور (کرا ئم سیل )سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اشتہاریوں، مفروروں اور غنڈہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہی وہ معاشرے کے ناسور ہیں جو شہریوں کے جان و مال کے دشمن اور امن خراب کرنے والے ہیں لہذا ان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے شہریوں کو پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف ان کی ا خلاقی بلکہ معاشرتی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے بیٹ سیفٹی کمیٹیز تشکیل دی گئی ہیں جن میں معززین علاقہ کے علاوہ محکمہ مال، ایکسائز، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے نمائندے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی شامل ہوں گے تا کہ پولیس پبلک پارٹنر شپ کے تحت نہ صرف سنگین جرائم بلکہ ملاوٹ، ناجائز منافع خوری اور قحبہ خانوں جیسی دیگر معاشرتی برائیوں کا بھی قلع قمع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹ سیفٹی کمیٹیز کو نہ صرف تھانے میں عزت و احترام بلکہ ان کی بات کو اہمیت بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹ سیفٹی کمیٹیز کے ممبران کے تقرر کے لیے نہایت باریک بینی سے کام لیا جائے تا کہ ان کمیٹیوں میں صرف معززین اور اہل لوگ ہی شامل ہوں جو شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے نیک نیتی کا جذبہ رکھتے ہوں۔