وزیراعظم کی نااہلی کا ریفرنس مسترد، سپیکر نے پانچ صفحات پر مشتمل اہم رولنگ جاری کردی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کا وزیراعظم کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس خارج کردیا اور رولنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق وزیراعظم سمیت کسی بھی رکن اسمبلی کی ایوان میں کی گئی بات کوآئین کے آرٹیکل 66کی شق ون کے تحت کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجاسکتا۔امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ رولنگ کو جلدہی سپریم کورٹ میں پیش کردیاجائے گاجہاں فوج سے متعلق اسمبلی میں وزیراعظم کے بیان کو بنیاد بنا کر تحریک انصاف کی درخواست زیرسماعت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے اظہرصدیق ایڈووکیٹ کاوزیراعظم کی نااہلی کیلئے بھیجا گیا ریفرنس مستردکرتے ہوئے کہاکہ ریفرنس حقائق کے منافی ہے ، وزیراعظم کو آرٹیکل 66ون کے تحت استثنیٰ حاصل ہے جبکہ 63ٹو کے تحت وزیراعظم کی اہلیت پر سوال ہی نہیں اُٹھتا۔
سپیکر کی طرف سے جاری ہونیوالی پانچ صفحات پر مشتمل رولنگ میں کہاگیاکہ نوٹس میں اُٹھائے نکات حقائق کے منافی ہیں ، جو بھی رکن اسمبلی ایوان میں بات کرے ، اُسے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجاسکتا، یہ سپیکر کو دیکھناہے کہ اہلیت پر سوال اُٹھتاہے یانہیں ، سپیکر کے ریفرنس کے بعد ہی الیکشن کمیشن کا کام شروع ہوتاہے ۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ریفرنس سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے بعد عدالت عظمیٰ وزیراعظم کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کی درخواست خارج کردے گی ۔ تحریک انصاف نے مذاکرات سے متعلق فوج کے کردار اور دھرنادینے والوں جماعتوں سے متعلق بیان کوبنیاد بناکر وزیراعظم کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کررکھی ہے جہاں پی ٹی آئی کے گوہر نواز کے دلائل جاری ہیں ۔