ساتھی کی تلاش کےلئے دلچسپ ایپ
نیویارک (نیوز ڈیسک) امیر غریب کی تفریق دنیا کی سب سے بڑی حقیقتوں میں سے ایک ہے اور یہ کیسے ہوسکتا تھا کہ یہ تفریق انٹرنیٹ پر بھی جلوہ گر نہ ہوتی۔ طبقہ امراءحقیقی دنیا میں تو غرباءسے فاصلہ رکھتے ہی ہیں لیکن اب انٹرنیٹ پر بھی سماجی رابطے کی ایک خصوصی ایپ ”LUXY“ کے نام سے متعارف کروادی گئی ہے جس کا سافٹ ویئر اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ غریبوں کو رکن بننے ہی نہیں دے گا اور صرف لاکھوں کروڑوں کمانے والے اور حسین و جمیل فلمی ستارے اور فیشن اور ماڈلنگ کی دنیا کے لوگ ہی اس کے رکن بن سکیں گے۔ ویب سائٹ کے سی ای او ٹم ٹی نے بتایا کہ یہ فیس بک کی طرح ہی ہے لیکن اس کے رکن بننے کیلئے مالدار اور خوبصورت ہونا بنیادی شرط ہے تاکہ اعلیٰ طبقے کے ارکان کو کسی بدصورت یا مفلس سے واسطہ نہ پڑے۔ ویب سائٹ کے ارکان کی اوسط آمدن سالانہ دو لاکھ ڈالر (تقریباً دو کروڑ پاکستانی روپے) ہے اور سی ای او کا دعویٰ ہے کہ اس میں 3000 کے قریب فلمی ستارے، امیر ڈاکٹر، وکیل، بزنس مین اور حسین و جمیل ماڈلز اور امیر کبیر کھلاڑی شامل ہوچکے ہیں اور یہ امراءمیں تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔