پیپر اینڈ پیپر بورڈ انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائینگے ، لاہور چیمبر

پیپر اینڈ پیپر بورڈ انڈسٹری کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائینگے ، لاہور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پیپر اینڈ پیپر بورڈ انڈسٹری کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا کیونکہ یہ شعبہ تعلیم کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھ کر بہت بڑی خدمت سرانجام دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر ناصر حمید خان نے آل پاکستان پیپر مرچنٹس کے سالانہ اجلاس عام سے کرتے ہوئے کیا۔ آپما کے سینئر رہنما خامس سعید بٹ، ایم این اے وحید عالم خان، آپما کے نئے چیئرمین خواجہ محمد عباس، لاہور چیمبر کے سابق عہدیداران میاں انجم نثار، طاہر جاوید ملک، ندیم سعید وائیں، زاہد مقصود بٹ، محمد سلیم عدنان خالد بٹ، ارشد بیگ، یحییٰ باری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ آل پاکستان پپر مرچنٹس ایسوسی ایشن شعبہ تعلیم کے فروغ کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے آپما پر زور دیا کہ وہ اپنی تجاویز لاہور چیمبر کو بھجوائیں تاکہ انہیں متعلقہ سرکاری اداروں کو بھجوایا جاسکے۔ آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کی نئی باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ وہ اس شعبہ سے وابستہ تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ آپما کے چیئرمین خواجہ محمد عباس، سابق صدر ندیم سعید وائیں، باؤ بشیر اور خامس سعید بٹ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پیپر اینڈ پیپر بورڈ سیکٹر کے مسائل جلد حل کرے، کاغذ کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دی جائے تاکہ کاپیاں اور کتابیں سستی ہوسکیں۔

مزید :

کامرس -