حکومت پنجاب کوالٹی ایجوکیشن کیلئے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے،رانا مشہود
لاہور(جنرل رپورٹر)صوبا ئی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کوالٹی ایجوکیشن کیلئے غیر معمولی اقدامات کر رہی ہے ۔ معیاری تعلیم کا فروغ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ا ولین ترجیح ہے ۔حکومتی سطح پر تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر میں بھی کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف لاہور سرگودہا کیمپس میں انجینئرنگ بلاک کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف لاہور سرگودہا کیمپس کے چےئرمین ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی ‘ ڈائریکٹر سرگودہا کیمپس ڈاکٹر شوکت علی ‘میڈم وجیہہ رؤف اور دیگر کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت پنجاب صوبہ میں مزید 36ہزار کلاس رومز کی تعمیر اور 70ہزار اساتذہ کی بھرتی کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ صوبہ میں ارلی چائلڈ ہڈ تعلیمی ادارے بھی قائم کئے جارہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں مسنگ فسییلٹیز پر اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں علاوہ ازیں ہونہار اور غیر معمولی قابلیت کے حامل بچوں کی حوصلہ ا فزائی کیلئے بھی غیر معمولی اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے مزید اظہار خیال کر تے ہوئے کہاکہ پاک بھارت بارڈر پر کشیدگی موجود ہے جبکہ دوسری طرف عمران خان دھرنوں کے ذریعے ملک میں انارکی کو پروان چڑھارہے ہیں ۔ دراصل عمران خان کی سیاست ملک میں معیشت کی ترقی کیلئے جاری سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے جو ملک میں سیاسی استحکام پر سوالیہ نشان ہے ۔ عمران خان کو ایسے نازک حالات میں ہوش کے ناخن لینے چاہیں اور ملک کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی بجائے مثبت سیاسی رویوں اور سوچ کو پروان چڑھانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں کسی بھی اندرونی او ربیرونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ملک کی طرف کسی کو میلی آنکھ دیکھنے کی جرات نہیں ہو سکتی۔صوبائی وزیر نے کہاکہ اپوزیشن دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کے ذریعے عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ پانامہ لیکس پر اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے د ائر پٹیشن پر سپریم کورٹ میں کاروا ئی ہو رہی ہے ایسی صورتحال میں دھرنوں کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا ۔ اپوزیشن کو 2018 کے الیکشن میں اپنی قسمت کے فیصلے کاانتظار کرناچاہیے۔ بلدیاتی ا لیکشن ہوں یا کشمیر کے الیکشن یا ضمنی ا لیکشن ہر سطح پر انہیں عوام نے بری طرح مسترد کر دیاہے ۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج کشمیری عوام کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں وہ پاکستان کا نعرہ لگارہے ہیں ۔