سیالکوٹ :ایس ایم ایز کی سالانہ برآمدات 2ارب ڈالر سے زائد
اسلام آباد (اے پی پی) سیالکوٹ میں کام کرنے والے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی سالانی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد ہیں۔ مقامی صنعتکاروں اور برآمدکنندگان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے سامان اور آلات ضراحی کی برآمدات کے فروغ کیلئے ملک میں ’’ سپورٹس اینڈ سرجیکل سٹیز‘‘ قائم کئے جائیں جس سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ اور اسکے گردونواح میں 1300 سے زائد ایس ایم ایز کام کر رہے ہیں جن میں اوسطاً 10 تا 500 افراد فی یونٹ کام کرتے ہیں جبکہ صرف سیالکوٹ اور اسکے ملحقہ علاقوں میں قائم ایس ایم ایز 60 ہزار سے زائد افراد کو روزگار فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیالکوٹ اور اسکے قریبی علاقوں کے ایس ایم ایز کے شعبہ کی سالانہ برآمدات2 ارب ڈالر سالانہ سے زائد ہیں اور اگر کھیلوں اور آلات جراحی کیمخصوص صنعتوں پر مشتمل سپورٹس اور سرجیکل سٹیز قائم کئے جائیں تو اس سے برآمدات میں دوگنا اضافہ کیا جا سکتا ہے اور روزگار کے بھی ہزاروں نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں جس سے قومہ معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔