ریاض اللہ خان نے پی ایف ایم اے پنجاب کے انتظامی امور سنبھال لئے
لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے نئے چےئرمین ریاض اللہ خان نے پی ایف ایم اے پنجاب کے انتظامی امور سنبھال لئے ۔ گزشتہ روز پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے بلامقابلہ کامیاب ہونے نئے چےئرمین ریاض اللہ خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں باقاعدہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔اس موقع پر نئے چےئرمین ریاض اللہ خان نے کہا کہ سابقہ چےئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو کی ایک سالہ کارکردگی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے ۔ اپنے دور میں چوہدری افتخار احمد مٹو نے جو کامیابیاں سمیٹی ہیں ان پر پوری فلور ملنگ انڈسٹری اور آواز گروپ انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق چےئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو کے کامیاب دور کے بعد اب مجھے بہت زیادہ محنت کرنا ہوگی اور فلور ملنگ انڈسٹری کی بہتری اور فروغ کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا انہوں نے کہاکہ آواز گروپ کے لیڈر عاصم رضا ، لیاقت علی خان ، میاں ریاض اور چوہدری افتخار احمد مٹو نے گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ اجازت اور 120 ڈالر کی ریبٹ لے کر فلور ملنگ انڈسٹری پر بہت بڑا احسان کیا ہے اور گندم کی مصنوعات کی تیاری کے ذریعے بند پڑی فلور ملنگ انڈسٹری کا پہیہ رواں دواں کرنے کا انتظام کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں پوری کوشش کروں گا کہ اپنے دور میں فلور ملنگ انڈسٹری کے مسائل کے حل اور بہتری کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ آواز گروپ کی قیادت کی رہنمائی میں انڈسٹری کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھوں ۔ اس موقع پر سابق چےئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا کہ میں آواز گروپ کے رہنما عاصم رضا احمد ، لیاقت علی خان اور میاں ریاض اور دیگر ساتھیوں کا بے حدمشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور میں نے پوری کوشش کی ہے ک فلور ملنگ انڈسٹری کی خدمت کر سکوں آئندہ بھی میری خدمات انڈسٹری اور قیادت کیلئے ہر وقت موجود رہیں گی اور جہاں بھی میری ضرورت ہوگی میں حاضر رہوں گا۔