افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں: سینیٹر سراج الحق
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ معاہدہ اگرچہ افغانستان کا اندرونی مسئلہ ہے لیکن دُعا ہے کہ یہ پڑوسی برادر ملک میں امن کا پیش خیمہ ثابت ہو۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ معاہدہ اگرچہ افغانستان کا اندرونی مسئلہ ہے لیکن دُعا ہے کہ یہ پڑوسی برادر ملک میں امن کا پیش خیمہ ثابت ہو،ہم نے ہمیشہ صرف افغان افغان مذاکرات اور تمام اندرونی اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کی ہے۔ افغانستان میں مستحکم امن کے لیے امریکا اور ہندوستان سمیت ہر طرح کی بیرونی مداخلت ختم کرنا ہوگی۔ غیرملکی افواج کا غیر مشروط اور مکمل انخلاءخطے میں سلامتی کی بنیادی ضرورت ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ افغانستان سمیت تمام سارک ممالک میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی عسکری ، سفارتی، سیاسی اور معاشی جارحیت علاقائی مفادات کو اپنی مکروہ سازشوں کی بھینٹ چڑھانا ہے امریکا ہندوستان کو خطے کا کرپٹ تھانیدار بنانا چاہتا ہے جو کسی پڑوسی ملک کو قبول نہیں۔ سارک تنظیم کے رُکن ممالک نے خود کو ہندوستان کے شکنجے سے آزاد نہ کروایا تو ہندوستان کے مزید مکروہ مقاصد کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ہندوستان کے بجائے علاقائی ممالک اور پوری مسلم دُنیا سے تعلقات مستحکم کرنے کی لانگ ٹرم پالیسی پر عمل کرے ۔