اینٹی وہیکل سٹاف نے شاہد کا چور گینگ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا
لاہور(کرائم رپورٹر)اینٹی وہیکل سٹاف نے2 ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر70لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مسروقہ 10کاریں، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کارچھیننے اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں ریڈ کر کے شاہد کار چور گینگ کے سرغنہ محمد شاہد ولد محمد فتح اور اس کے ساتھی بشیر خان ولد کشمیر خان کو گرفتار کر کے ان سے70لاکھ روپے سے زائد مالیت کی چھینی اور چوری کی گئی 10عددکاریں، ماسٹر کیز اورناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ملزمان شاہراؤں پرگاڑیاں چھیننے سمیت تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ماسٹر کیِ کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اور انہیں براستہ موٹر وے پشاور لے جا کراُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ ماڈل ٹاؤن، نواب ٹاؤن، اقبال ٹاؤن ، فیصل ٹاؤن، ستوکتلہ ،سبزہ زار، ٹاؤن شپ ،لٹن روڈ کے علاقوں میں گاڑیاں چھیننے اور چوری کرنے کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی چوری کے مختلف مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔