محمد حفیظ قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹر محمد حفیظ یکم اکتوبر سے قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے جہاں قومی سلیکشن کمیٹی ان کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لے گی۔محمد حفیظ فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور پھر ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا حصہ نہ بن سکے۔محمد حفیظ نے فٹنس کی بحالی کے بعد اپنے ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پریکٹس میچز کھیلے اور اب وہ یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں سوئی نادرن گیس کی جانب سے سیالکوٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔قومی سلیکشن کمیٹی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کرنے سے پہلے محمد حفیظ کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لینا چاہتی ہے ۔