بہترمعاشرے کی تشکیل کیلئے کھیل بے حد ضروری ہیں‘حاجی نواب خان
اسلام آباد (این این آئی)مانیار فٹ بال کلب کے سیکرٹری جنرل اوررکن تحصیل کونسل سوات حاجی نواب خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو بے راہ روی اور سماجی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیل بے حد ضروری ہے اورکھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو بے راہ روی اور سماجی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ نوجوان نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔کھیل انسان میں اپنے مقصد اور منزل تک کامیابی سے پہنچنے کی تحریک پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑی کو ضابطہ اخلاق، قواعدہ ضوابطہ اور قانون کی پابندی سیکھاتا ہے
، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی کسی سے کم نہیں ہیں اور ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، ضرورت اس امرکی ہے کہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات فراہم کی جائیں، ایک اور سوال کے جواب میں حاجی نواب خان نے کہا کہ سوات میں حاجی نواب فٹ بال ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں 70 سے زائد ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میچز کھیلے جا رہے ہیں۔