اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 5.5 شدت کا زلزلہ

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 5.5 شدت کا زلزلہ

  

اسلام آباد/پشاور(اے این این) اسلام آباداور پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 5.5کی شدت کا زلزلہ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،جھٹکے اسلام آباد سمیت آزد کشمیر ،شمالی علاقہ جات ،ہزارہ میں محسوس کئے گئے ،مرکز کوہستان کا علاقہ پٹن،گہرائی 10کلومیٹر زیر زمین تھی۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو اسلام آباد ، پشاور،اسکردو سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 10 کلو میٹرتھی،زلزلے کا مرکز کوہستان کے علاقے پٹن کے قریب تھا ۔یہ جھٹکے 15 سے 20 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے شدید جھٹکے پشاور، اسلام آباد، شانگلہ ، غذر،گاہکوچ، اسکردو، ہزارہ ڈویژن و دیگر مقامات پر محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث لوگ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے اورگھروں ، دفاتر سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔زلزلہ آزاد کشمیر میں بھی مظفر آباد،باغ،دھیر کوٹ اور دیگر علاقوں میں محسوس کیا گیا تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا مکانات کے گرنے کی اطلاع نہیں ملی۔

مزید :

صفحہ اول -