جاسٹا ایکٹ کے ذریعے امریکا نے عالمی قوانین نظرانداز کیے، روس
ماسکو(این این آئی)امریکا میں ’جاسٹا‘ کے نام سے مشہور اس متنازع قانون پر روس نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے امریکی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’جاسٹا‘ ایکٹ کی منظوری کے ذریعے امریکا نے عالمی قوانین کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے۔روسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ’جاسٹا‘ ایکٹ کی آڑ میں دہشت گردی کی سرپرستی کے شبے میں کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمات قائم کیے جا سکیں گے۔ اس متنازع قانون کے ذریعے صرف امریکیوں کے تحفظ کی بات کی گئی ہے اور عالمی قوانین کے تحت دوسرے ملکوں کو حاصل خود مختاری اور استثنیٰ کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ ملکی خود مختاری کے اصولوں کی مخالفت پرمبنی ’جاسٹا‘ قانون کو عقل سلیم بھی تسلیم نہیں کرتی۔خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی کانگریس نے ’جاسٹا‘ نامی ایک متنازع قانونی بل پر رائے شماری کا فیصلہ کیا تو امریکی صدر باراک اوباما اور ان کی حکومت کی اس کی پرزور مخالفت کی تھی۔ صدر اوباما کی طرف سے کانگریس میں ’جاسٹا‘ پر رائے شماری ویٹو کرنے کی کوشش کی گئی مگر سینٹ اور ایوان نمائندگان نے صدر کے ویٹو کو مسترد کردیا تھا۔