روس نے شام میں اپنی فضائی طاقت میں اضافہ کردیا

روس نے شام میں اپنی فضائی طاقت میں اضافہ کردیا

  

ماسکو( آن لائن ) ماسکو نے شام میں قائم اپنے ایک فوجی اڈے پر فوج اور اسلحے کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔ نیز جلد ہی روس جنگی ہیلی کاپٹر شام پہنچا رہا ہے تاکہ شامی باغیوں کے خلاف جاری لڑائی کو مزید تیز کیا جاسکے۔روس کی جانب سے شام میں فضائی فورس میں اضافے کی کوششیں ایک ایسے وقت میں شروع کی ہیں جب امریکا اور دوسرے ملک شام میں جنگ بندی کی کوششیں کررہے ہیں۔ ایک روسی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی طرف سے فضائی فورس میں اضافے کے اقدامات سے جنگ بندی کی مساعی مزید خطرات سے دوچار ہوسکتی ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ روس کے جنگی طیارے ’سوخوی 24‘ اور ’سوخوی 34‘ شام کے اللاذقیہ شہر میں قائم حمیمیم فوجی اڈے پر پہنچا دیئے گئے ہیں ضرورت پڑنے پر دو یا تین دن کے اندر اندر مزید فضائی فورس اور اسلحہ منگوایا جا سکتا ہے۔اخباری رپورٹ کے مطابق ’سوخوی 25‘ جیٹ طیارے کو بھی شام بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان طیاروں کے عملے کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ فوجی قیادت کی طرف سے حکم ملتے ہی یہ جنگی طیارہ بھی شام روانہ کیا جاسکتا ہے واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں روسی صدر ولادی میر پوتن نے شام میں روسی فوج کے زیراستعمال ’حمیمیم‘ فوجی اڈے سے جنگی طیارے اور فوج واپس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اس اعلان کے بعد شام میں جنگ بندی کے آثار سامنے آئے تھے مگر عملا روسی فوج نے شام میں بشارالاسد کے ساتھ مل کر بمباری کا سلسلہ بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -