پاک فوج ہرجارحیت سے ٹکرانے کی صلاحیت رکھتی ہے،چودھری شہباز
جدہ (محمد اکرم اسد) سابق وفاقی وزیر چودھری شہباز حسین نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کا نہ سوچے کیونکہ قومی مفاد میں پوری قوم متحد ہے اور اس میں وہی 1965ء والا جذبہ موجود ہے۔ یہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے جبکہ پاک فوج میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ دشمن کو ناکون چنے چبائے۔ چودھری شہباز حسین نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے جو جارحیت سے ٹکرانے کی مکمل قوت رکھتی ہے۔ پاکستان دھرتی ماں ہے جو جان سے بھی زیادہ عزیز ہے اور اس کا دفاع کرنا پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے اور یہ بات بھارت کو ذہن نشین رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے کسی پڑوسی کے خلاف اس کے کوئی عزائم نہیں ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اس پر کوئی بھی چڑھائی کر دے، اگر ایسا ہوا تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہوگی۔ان کاکہناتھاکہ بھارت کی آنکھوں میں پاکستان کھٹکتا ہے اور اس نے ابھی تک پاکستان کے قیام کو دل سے قبول نہیں کیا جبکہ ان کے وزیراعظم مودی نے خود ہی بنگلہ دیش جا کر اس بات کا اعتراف بلکہ اعتراف جرم کیا ہے کہ بھارت نے مشرقی پاکستان کو پاکستان سے الگ کرکے بنگلہ دیش بنایا ہے جبکہ اب وہ کشمیر میں کشمیری عوام کو آٹھ لاکھ کے قریب فوج سے ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے اور نہتے کشمیریوں کو مار رہا ہے جبکہ خواتین کی بے حرمتی کی جا رہی ہے،ان کا کہناتھ کہ اقوام عالم کواس بات کانوٹس لیناچاہئے۔