ملتان، باغ، کشمور، سکھر، لورالائی سمیت متعدد شہروں میں بھارتی جارحیت کے خلاف ریلیاں، مظاہرے
باغ/مظفرآباد/تتہ پانی/ملتان/گجرات (خصو صی رپورٹ) آزاد کشمیر اور باغ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے خلاف مظاہرے کئے گئے، شہریوں کی بڑی تعداد نے مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی بھی کیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ملک کے مختلف حصوں میں کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں بھارتی جارحیت کے خلاف طلباء نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظفرآباد میں بزرگوں کے عالمی دن کے موقع پر بھارتی مظالم کے خلاف بزرگ شہریوں نے ریلی نکالی۔ آزاد کشمیر میں ہی لائن آف کنٹرول پر واقع تتہ پانی کے بازار میں بھی شہریوں نے ریلی نکالی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ملتان میں وکلاء نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا جلایا۔ ہاتھوں میں قومی پرچم لئے بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے لگاتے نوجوان گجرات میں بھی گھروں سے باہر نکل آئے اور مطاہرہ کیا۔ مظاہرین نے قصاب مودی کی تصویر پیروں تلے روندی اور ترنگا جلایا۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
کشمور میں ہندو اور سکھ برادری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت مخالف اور پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔سکھرمیں نجی سکول کے طلباء اور وکلاء برادری نے احتجاجی مظاہرے کئے اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔ لورالائی میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے بھارت مردہ باد ریلی نکالی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔