اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 4ارب 10کروڑ مالیت کی 6.7ٹن منشیات برآمد کر لی
اسلام آباد( آن لائن )اے این ایف نے ملک گیر کاروائیوں کے دوران 4 ارب 10کروڑ مالیت کی 6.7 ٹن منشیات برآمد کر لی،جس میں 6.7 ٹن چرس ، 3.4 کلوگرام ہیروئن اور 4.4 کلوگرام افیون شامل ہے، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث1خاتون سمیت 10ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا اور 2 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی 2 الگ الگ کاروائیوں کے دوران ضلع کلہ عبداللہ اور ضلع چاغی کے علاقوں سے 6.7 ٹن چرس قبضے میں لے لی۔ منشیات کی یہ کھیپیں دو مختلف غیر آباد جگہوں پر چھپائی گئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق، اے این ایف نے ضلع کلہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں گھابی زئی کے قریب ایک غیر آباد مقام پر چھاپہ مار کر 6.1 ٹن چرس ، جبکہ ضلع چاغی کی تحصیل یک مچھ میں کاٹھ بروتھ میں ایک غیر آباد جگہ پر چھاپہ مار کر 535کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ، یہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کئے جانے کے بعدکسی نامعلوم منزل پر اسمگل کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔اے این ایف کوئٹہ کی جانب سے کی گئی ایک اور کاروائی کے دوران سبزل روڈ ، کوئٹہ سے مولا بخش نامی مقامی منشیات فروش کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے 1.78 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے مرکزی موٹر وے ٹول پلازہ ، فیصل آباد کے قریب ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس کی تلاشی کے دوران 2.2 کلوگرام چرس برآمد کر لی،جبکہ گاڑی میں سوار مالاکنڈ کے رہائشی 2 منشیات لے جانے والے ملزمان صابر شاہ اور محمد غفار خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے لاہور کے رہائشی محمد شہباز نامی مقامی منشیات فروش کو شالامار باغ، لاہورکے قریب سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور ائیر پورٹ ٹیم نے معمول کی جانچ پڑتال کے دوران شاہین ائیرلائن کی فلائیٹ نمبر NL-721 سے جدہ روانہ ہونے والے چارسدہ کے رہائشی آصف جان نامی ایک مسافر کو پشاور ائیر پورٹ سے حراست میں لے کر اس کے جوتوں میں چھپائی گئی 660 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران مرکزی موٹر وے ٹول پلازہ ، پشاور سے ایک سوزوکی آلٹو کار کو قبضے میں لیا اور اس میں چھپائی گئی 20.9 کلوگرام چرس اور 4.4 کلوگرام افیون برآمد کر کے گاڑی میں سوارپشاور کے رہائشی محمد خالد اور اس کی خاتون ساتھی چار سدہ کی رہائشی صائمہ کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور ائیر پورٹ ٹیم نے شاہین ائیر لائن کی پروازنمبر NL-723 سے ریاض روانہ ہونے والے چارسدہ کے رہائشی علی نواز نامی مسافر کو پشاور ائیرپورٹ سے حراست میں لے کر اس کے سامان میں چھپائی گئی 1 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔اے این ایف کراچی نے حیدر آباد نیشنل ہائی وے پر واقع ایوب ہوٹل کے قریب سے سانگھڑ کے رہائشی اشعر علی نامی منشیات فروش کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 2.45کلوگرام چرس برآمد ہوئی ۔ دوسری کاروائی میں اے این ایف کراچی نے سکھر کے محلہ بندھانی میں چلنے والے منشیات کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کر عبدالرشید نامی مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
اے این ایف