اے این ایف نے بڑے ہوائی اڈوں پر جدید اسکینرز نصب کردیے

اے این ایف نے بڑے ہوائی اڈوں پر جدید اسکینرز نصب کردیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر)اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے عزم کے تسلسل میں ملک کے بڑے ہوائی اڈوں پر جدید طرز کے اسکینرز نصب کر دیئے ہیں ۔یہ اسکیننگ مشینیں بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد، علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر نصب کی گئی ہیں۔یہ اسکیننگ آلات براؤن نامی برطانوی کمپنی کے تیار کردہ ہیں ،اور سعودی حکومت کی طرف سے اے این ایف کوبطور عطیہ دےئے گئے ہیں۔ہوائی اڈوں پرنصب کی جانے والی جدید طرز کی یہ اسکیننگ مشینیں واک تھرو گیٹ سے مشابہہ ہیں ،جن کی مدد سے انسانی جسم سے چسپاں یا جسم کے اندر موجود منشیات سمیت کسی بھی مواد کی بآسانی شناخت کی جا سکتی ہے۔ یہ مشین نہایت مفید تصور کی جاتی ہے ، جس کی مدد سے قلیل وقت میں مسافروں کی مکمل تلاشی لی جا سکتی ہے۔ مزید یہ کہ اس مشین کے استعمال سے نا تو کسی قسم کے نقصانات کے امکانات ہیں اور نہ ہی یہ مشین مسافروں کے لئے کسی قسم کی جسمانی بے پردگی کا باعث بنے گی ۔اے این ایف ان نئی مشینوں کے موثر استعمال اوران سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کی غرض سے اپنے عملے کوتربیت فراہم کر رہا ہے۔ ان مشینوں کے استعمال کے نتائج کا تجزیہ کرنے کے بعد ملک کے دیگر ہوائی اڈوں پر بھی ان مشینوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ ابتدائی طور پر اسکیننگ مشینیں بین الاقوامی روانگی لائنجوں کے داخلی مقامات پر میں نصب کی گئی ہیں ،جو جلدکام شروع کر دیں گی۔