یونیورسٹی کے دروا زے ہند کو اور انٹرنیشنل کانفرنسز کیلئے کھلے ہیں ،وی سی

یونیورسٹی کے دروا زے ہند کو اور انٹرنیشنل کانفرنسز کیلئے کھلے ہیں ،وی سی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(پاکستان نیوز) گندھارا ہندکو بورڈپاکستان اور گندھارا ہندکو اکیڈمی پشاور کے زیراہتمام مانسہرہ میں گزشتہ روز ایک روزہ ہندکو کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ کانفرنس ہزارہ یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں ہزارہ کے علاوہ پشاور ، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور مختلف علاقہ جات سے ہندکو زبان کے شعراء کرام ، لکھاریوں ،مقالہ نگاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کے کوآرڈینیٹر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین تھے جبکہ کنوینئر محمد اختر نعیم اور ڈپٹی کنوینئرگل ناز شاہ اور محمد رضا خان تھے۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ادریس تھے ۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلا شعبہ ہندکو کے پی کے کی دوسری بڑی زبان ہے۔ یونیورسٹی کے دروازے ہندکو کانفرنسوں اور انٹرنیشنل کانفرنسز کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں گندھارا ہندکو بورڈ کو ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے اس موقع پر کہا کہ گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈیمی ہندکو زبان،ادب و ثقافت کی ترویج و ترقی کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں بولی جانے والی ساری زبانیں ہماری زبانیں ہیں اور ہم سب زبانوں کی ترقی کیلئے کام کرینگے اور پیار اور محبت کا یہی تقاضا ہے۔ہم نے شروع دن سے فیصلہ کیا تھا کہ ہندکو زبان کے ساتھ ہر اُس زبان کو ترقی دینگے جو ہمارے صوبے کی زبان ہو گی۔ہندکو زبان پر تحقیق کرنے والے محققین نے خصوصی طور پر کانفرنس میں شرکت کی اورہندکو زبان ،ادب و ثقافت اور ہزارہ کی تاریخ ،ادب اور ثقافت کی ترقی کے حوالے سے مقالے پیش کئے جبکہ سابقہ وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر اشرف عدیل نے امریکہ سے لائیو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔کانفرنس میں مشاعرے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں ہندکو کے علاوہ ہزارہ میں بولی جانے والی دیگر زبانوں ، گوجری، کوہستانی کے شعراء نے بھی حصہ لیا اور اپناکلا م پیش کیا۔کانفرنس میں روزمرہ بول چال کے حوالے سے محاورے اور ضرب المثل کی وضاحت کیلئے مزاحیہ خاکے بھی پیش کئے گئے۔فنکاروں نے ہندکو لوک گیت بھی پیش کئے ۔ جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ کانفرنس کے کنوینئر نے قرار داد پیش کی کہ ہزارہ یونیورسٹی میں ہندکو ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جائے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر ادریس نے کہا کہ گندھارا ہندکو بورڈ اگلے سال ہزارہ یونیورسٹی کے ہال میں عالمی کانفرنس منعقد کرے تو کانفرنس کیلئے ساری سہولتیں ہزارہ یونیورسٹی پیش کریگی۔کانفرنس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ مانسہرہ کے لوگ گندھارا ہندکو بورڈ کے ارکان بنیں گے اور ہندکو کے فروغ کیلئے بھرپور کوشش کرینگے۔