پائیدار امن اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار کلیدی ہے‘اقبال چنٹر

پائیدار امن اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار کلیدی ...

  

بہاولپور ( بیورورپورٹ)صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران پائیدار امن وامان اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے ذرائع ابلاغ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور میڈیا نمائندگان نے ان مقدس ایام کی کوریج کے لئے ہمیشہ انتہائی ذمہ دارانہ، تعمیری اور مثبت کردار ادا کیا ہے جو ہمارا قابل فخر قومی اثاثہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی (بقیہ نمبر26صفحہ12پر )

وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر کے ہمراہ ان کے دفتر میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور پرامن اور صلح جو عوام کی سرزمین ہے یہاں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام منبر ومحراب سے مذہبی ہم آہنگی ، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں پائیدار امن کے حصول کے لئے ایک صفحہ پر ہیں اوراس سلسلہ میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وطن عزیز میں قیام امن کو اپنی قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے۔صوبائی وزیر اقبال چنڑ نے کہا کہ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی نگرانی میں وہ خودشامل ہوں گے اور یونین کونسلوں کے چیئر مین اپنے متعلقہ علاقوں کے عاشورہ کے جلوسوں میں انتظامیہ کے ہمراہ شریک ہوں گے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر نے پریس بریفنگ کے دوران بتایاکہ بہاول پور ڈویژن کے 516عاشورہ کے مختلف جلوس اور 1400مجالس کے لئے سیکورٹی و دیگر انتظامات کو متعلقہ محکموں نے حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں میڈیا کے فوکل پرسن کو24گھنٹے مکمل رسائی و رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندگان کسی بھی اطلاع کو رپورٹ کرنے سے قبل متعلقہ افسران یا فوکل پرسن سے تصدیق ضرور کریں تاکہ افواہ سازی کو تقویت نہ ملے۔

اقبال چنڑ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -