بارڈر پر بھارتی فتنہ انگیزی خطے کے امن کیلئے ٹھیک نہیں،علامہ ساجد نقوی
ملتان (سٹی رپورٹر)جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ شیعہ میانی ملتان کی ۷۵ سالہ (پلاٹینم جوبلی) تقریبات کے دوسرے دن کی تقریب سے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کا ہمارے معاشرے میں ہمیشہ مثبت کردار رہا ہے علماء کرام کی ذ مہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ توجہ دیں کیونکہ وہ دشمن کی سب سے زیادہ سازشوں کا شکار ہو رہے ہیں۔(بقیہ نمبر41صفحہ7پر )
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں ہم کشمیر کو اپنا حصہ سمجھتے ہیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہے اسی میں برصغیر کا امن قائم رہ سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جا رہا ہے اسلامی دنیا کے سربراہوں کو چاہیے کہ وہ مسلمانوں کے مسائل کو توجہ دیتے ہوئے انہیں حل کرانے کی کوشش کریں بھارت اس وقت بارڈر پر جوفتنہ انگیزی پھیلا رہا ہے وہ خطے کے امن کیلئے بہتر نہیں ہے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمدآمد ہے ہم حکومت کی عزاداری کے سلسلے میں سابقہ سال ہونے والی زیادتیوں کو دہرانے نہیں دینگے عزاداری ہمارا حق ہے ہم پاکستان کے با عزت شہری ہیں ہم سے عزادادری کا حق کوئی نہیں چھین سکتا دہشتگردوں کیخلاف ملکی سلامتی کے اداروں کی کاروائیاں لائق تحسین ہیں لیکن بیلنس پالیسی کی وجہ سے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو رہا ۔ ایک سازش کے تحت ہمارے خلاف دہشت گردی کو مسلط کیا گیا لیکن ہم نے ملکی سلامتی کی خاطر ہر اس اقدام کی نفی کی جس سے ملک کو کسی بھی قسم کے نقصان کا اندیشہ تھا ہم اس ملک میں اتحاد و وحدت کے بانی ہیں دہشت گردی اور مذہب کے نام پر فرقہ واریت کرنے والے گروہ کو پاکستان کی سیاسی اور مذہبی دھارے سے نکال باہر کیا ہمارے مثبت کردار کی وجہ سے آج ہم سیاسی اورمذہبی قوتوں کے دھارے میں موجود ہیں ۔ہم نیشنل ایکشن پلان کی مکمل حمایت کرتے ہیں لیکن اس کو صحیح سمت میں استعمال کیا جانا چاہیئے آپریشن ضرب عضب انتہائی ضروری تھا لیکن ہمارے قاتلوں کا گروہ آج بھی ملک میں موجود ہے ہم انکے خلاف بھی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں ہم حکومت پاکستان پر یہ بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ محرم الحرام میں عزاداری کے خلاف کسی قسم کے اقدامات کی کوشش کی گئی تو ہم برداشت نہیں کرینگے ہم پرامن عزاداری کے قائل ہیں ہمارے پلیٹ فارم سے ملک دشمنی کی کبھی بو نہیں آئی مدرسہ ہذا کے پرنسپل علامہ سید محمد تقی نقوی ، علامہ سید علی رضا نقوی ، علامہ سید علی اصغر نقوی ، سید محمد کاظم نقوی ، علامہ سید سبطین رضا سبزواری، علامہ موسی رضا جسکانی ، علامہ عطا محمد جتوئی ، علامہ الفت حسین سندرالوی،علامہ تقی جعفری، علامہ محسن علی نتکانی ، علامہ سید صابر حسین کاظمی ، مولانا سید ضمیر حسین بخاری،مولانا سید عاشق حسین نقوی ،سید تنویر الکاظم گیلانی، مولانا اقبال حسین خان دیگر نے خطاب کیا ۔