ہم کمزور نہیں ، دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے، قوم کو بیدار کر رہے ہیں، پرویز خٹک

ہم کمزور نہیں ، دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے، قوم کو بیدار کر رہے ہیں، ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دشمن کی بڑھکیں صرف بڑھکیں سمجھتی ہے ہم کمزورنہیں ہم دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں یہ بات آج انہوں نے واہگہ بارڈ پر منعقدہ پرچم اُتارنے کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وہ تقریب میں جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے بعدازاں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے پاک فوج اور رینجر ز کو خراج تحسین خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلئے بنا ہے قیام پاکستان کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے قائداعظم کی رہنمائی میں قربانیاں دیں۔ انہوں نے دشمن سے کہاکہ پاکستان پر میلی نظر نہ ڈالے اور نہ ان کے خلاف کوئی مہم جوئی کرے انہوں نے خبردار کیا کہ ہمارے خلاف مہم جوئی میں دشمن کو شکست ہو گی۔دشمن کی بڑھکیں ہم صرف بڑھکیں سمجھتے ہیں بڑھکیں کسی کمزور کو دے ہمارے قائدعمران خان نے رائیونڈ احتساب ریلی میں قوم کے سامنے دشمن کو للکارا۔بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جمہوریت کے لبادے میں ڈاکوؤں ، چوروں اور بدمعاشوں کی حکمرانی ہے جن کو حکمران طبقہ جمہوریت کا نام دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب حکمرانوں کے اربوں روپے بیرون ملک پڑے ہوئے ہوں تو پاکستان میں سرمایہ کار کیسے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی وسائل لوٹ کر بیرون ملک لے جانا اور وہاں رکھنا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم قوم کو بیدار کررہے ہیں اور ہم قومی اُمور کے مسائل پر متحد کھڑے ہوں گے ۔قبل ازیں کل رات کی لاہور احتساب ریلی میں تقریر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہندوستان کی دھمکیوں کو ہم ایسے دیکھ رہے ہیں کہ یہ دھمکیاں ڈرپوک ، کمزور اور چور کو دی جاتی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمارا وزیر اعظم ڈرپوک، چور اور کمزور ہے ۔ لیکن پاکستانی طاقتور ہیں۔ جواب ہم دیں گے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یہ نڈراور بہادر قوم ہے۔ یہ قوم جب نکلی تھی اور خاص طور پر بہادر اور نڈر پٹھان اپنے گھروں سے بندوقیں لے کر کشمیر پہنچے تھے تم وہ بھول گئے آج ہم زیادہ تیار ہیں ۔آج ہمارے پاس ایٹم بم ہے ۔ ہم کسی سے نہیں ڈرتے ۔ اگر ہمارا چور وزیرا عظم ڈرتا ہے تووہ ڈرتا ہوگا قوم نہیں ڈرتی۔ انہوں نے کہاکہ اگر میں وزیر اعظم ہوتا تو ایسا بدلہ لیتا کہ دشمن ساری عمرروتا۔ہم پاکستان بچاتے ہیں اور بچاتے رہیں گے ۔ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دیں ہم نے سب کچھ لٹا کر پاکستان بنایا ۔ کس کی ہمت ہے کہ ہمیں آنکھیں دکھائے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہاکہ پاکستانی قوم کی نمائندگی ایک بہادر لیڈر کر سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عجب تماشا ہے جب عمران خان کرپشن، چوری اور ڈاکوؤں کی نشاندہی کر تے ہیں تو درباریوں کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں تمام غلط کاموں کو تحفظ دیا جاتا ہے۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں وزیراعظم چوری کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں چوروں کو اپنا انجام نظر آرہا ہے۔ اس لئے وہاں کوئی اپنے اختیار سے تجاوز نہیں کرتا اور کرپشن پر پکڑ ہو تی ہے ۔ہمارا صوبہ حکمرانی میں بہت بہتر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جیسے غریب ملک کے وسائل لوٹ کر باہر محلات بنانا ناقابل برداشت ہے ۔ بہت ہو چکا اب خان صاحب آگے بڑھیں ہم اپنے جیالوں کی ازسر نو صفیں ترتیب دے رہے ہیں ۔ ہم دیکھتے ہیں کہ ایک کرپٹ حکومت کس طرح چلتی ہے کیونکہ یہ کرپٹ حکومت چوری ، ڈاکے اور لوٹ کھسوٹ کر تی ہے اور الیکشن میں ہر دفعہ دھاندلی کے نئے اُسلوب متعارف کراکر حکمرانی پر قبضہ کر لیتا ہے۔ اسلئے ایسے دھوکے باز ، فریبی اور کرپٹ لوگوں کار استہ روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے ساری عمر سیاست میں ملک کو لوٹتے ہوئے دیکھا ہے ۔ ہمارے صوبے میں ہر عمل پر جوابدہی ہے ۔ میں وزیراعلیٰ ہو کر اپنے آپ کو جوابدہ بنا چکا ہوں جبکہ دوسری طرف وزیراعظم کے خلاف ثبوت ہیں۔ اس کے علاوہ بھی اگر چھان بین کی گئی تو اور کچھ بھی نکلے گا۔ انہوں نے کہاکہ گلو بٹ اور بد معاش بٹھائے گئے ہیں۔ اسلئے انہوں نے عمران خان سے کہاکہ قوم کو ایک آواز دے کر ملک سے چوروں، ڈاکوؤں ، گلو بٹوں اور بد معاشوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں ۔

پرویز خٹک

مزید :

پشاورصفحہ اول -