زمینداروں کے آبپاشی کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرینگے، سکندر حیات شیر پاؤ

زمینداروں کے آبپاشی کے مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرینگے، سکندر حیات شیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( کرائمز رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی ،سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ صوبے میں زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کیلئے آبپاشی کے تحت اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں تاکہ زراعت کے شعبے میں خاطر خواہ آمدن حاصل ہو اور ہمارے زمینداروں اور کسانوں کے مسائل حل ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے متھرا پشاور میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم خان بابر کی رہائش گاہ پر داؤد زئی اور ملحقہ علاقوں میں زمینداروں کو درپیش آبپاشی کے مسائل کے حل کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے اے سی ایریگیشن پشاور سرکل صاحبزادہ شبیر ،ایکسئن پشاور کینال اسد زمان اور دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر صوبائی سیکرٹری اطلاعات طارق خان ،نثار خان ایڈوکیٹ ،داؤد زئی اور ملحقہ علاقوں کے زمیندار بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔اس موقع پر زمینداروں نے صوبائی سینئر وزیر کو آبپاشی سے متعلق دیرینہ مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پانی کی کمی اور مناسب نظام نہ ہونے کے باعث ان کی زمینوں کے خراب ہونے کا خدشہ ہے اور فصلیں بھی تباہ ہو رہی ہیں جن کے لئے جلد اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔سینئر وزیر نے کسانوں اور زمینداروں کے مسائل انتہائی توجہ سے سنے اور کہا کہ داؤد زئی کے کٹھہ جات زرمنڈی اور زردادی کی سکیمیں سالانہ اے ڈی پی میں شامل کی جا رہی ہیں اور ان سے کافی حد تک مسائل حل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیہاتوں کی80فیصد سے زیادہ آبادی کی آمدن کا دارومدار زراعت سے وابستہ ہے اور ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل زراعت کے شعبے میں بہتری لانے سے روشن ہو سکتا ہے اس لئے صوبائی حکومت اس سلسلے میں دور رس اقدامات اٹھا رہی ہے۔دریں اثناء علاقہ کے ناظم نور الحسن،نائب ناظم حکمت خان، جنرل کونسلر محمد اسماعیل،شاہ حسین اور آزاد خان نے اپنے ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جنہیں خوش آمدید کہتے ہوئے سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی صوبے کے عوام اور خاص کر پختونوں کے حقوق کے حصول کیلئے حقیقی معنوں میں جدوجہد کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ سیاسی عہدیداران اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔