زکریا یونیورسٹی،رجسٹرار شپ کے مسئلہ نے پھر سراٹھا لیا،ملک منیر نے معطلی احکامات میں توسیع نہ ہونے پر جوائننگ دیدی
ملتان(سٹاف رپورٹر) زکریایونیورسٹی میں رجسٹرار شپ کا تنازع شروع ہوگیا ، ملک منیر حسین نے بھی جوائننگ دے دی ، (بقیہ نمبر48صفحہ7پر )
زکریا یونیورسٹی کی رجسٹرارشپ کے مسئلے نے پھر سر اٹھالیا ہے، گزشتہ رو ز معطل ہونیوالے رجسٹرار ملک منیر حسین نے اپنے معطلی کے احکامات میں توسیع نہ ہونے پر جوائننگ دے دی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں معطلی کے احکامات میں توسیع نہ ہونے پر بحال ہوگیا ہوں اس لئے بطور رجسٹرار جوائن دے دی ہے، دوسر ی طرف یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کی جوائننگ ماننے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ غیرقانونی ہے ‘وائس چانسلر نے ان کی معطلی میں 28ستمبرکو 90دن کی توسیع کردی تھی‘ اس بارے میں رجسٹرار ڈاکٹر مطاہر اقبال کا کہنا ہے کہ ملک منیر کی معطلی میں توسیع کردی گئی تھی ‘انکو 29ستمبرکو انکوائری کمیٹی نے طلب کیا تھا مگر انہوں نے بیماری کے باعث آنے سے معذرت کی جس کی وجہ سے ان کو معطلی میں توسیع کے احکامات نہیں دئے جاسکے‘ اب ان کو کورئیر سروس کے ذریعے احکامات بھجوادئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ انہوں نے اپنی جوائننگ رپورٹ چھٹی کے دن دی ، ان کے بھائی ملک صفدر نے کلرک کو ڈرا دھمکا کر رپورٹ جمع کرائی ،اس بارے میں اس کلرک سے بھی انکوائری کی جارہی ہے کہ اس نے ڈپٹی رجسٹرار اور رجسٹرار سے پوچھے بغیر یہ مراسلہ کس طرح وصول کیا ‘انتظامیہ نے اس بارے میں قانونی رائے لے لی ہے کہ اس جوائننگ رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے‘ذرائع کاکہنا ہے کہ اس صورتحا ل میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں‘ایمپلائزیونین اورآفیسر ایسوسی ایشن اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔