بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے او پی سی پنجاب کی کار کردگی لا ئق تحسین ہے: لارڈنذیراحمد
لاہور(آن لائن ) بر طانیہ کے ہاﺅس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اوورسیز پاکستانیز کمیشن(او پی سی) پنجاب کی کار کردگی لائق تحسین ہے ۔وہ او پی سی پنجاب کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کمشنر افضال بھٹی سے گفتگو کررہے تھے ۔لارڈ نذیراحمد نے او پی سی کے قیام کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہو ئے کہا کہ مختصر عرصے میں اس ادارے کی طرف سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کے مسائل کا حل خوش آئند ہے ۔ افضال بھٹی نے لارڈ نذیر احمد کو ادارے کے طریقہ کار کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہو ئے کہا کہ اضلاع کی سطح تک قائم کمیٹیاں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہیں ۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ وہ بر طانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کار کردگی سے آگاہ کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس ادارے کی خدمات سے استفادہ کر سکیں ۔افضال بھٹی نے لارڈ نذیر احمد کو آگاہ کیا کہ او پی سی کو اب تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 4ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 50فیصد کا ازالہ کیا جا چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب او پی سی کی کارکردگی کو خود مانیٹر کرتے ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے او پی سی سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔بعد ازاں لارڈ نذیر احمد نے او پی سی کے تمام شعبوں کا دورہ بھی کیا ۔