پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن الیکشن‘ تیمورداؤد چیئرمین منتخب
لاہور(کامرس رپورٹر)معروف صنعتکار تیمور داؤد پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) کے بلامقابلہ چیئرمین منتحب ہو گئے ہیں جبکہ انکے ساتھ سینئر وائس چیئرمین کے عہد ہ پر فیصل اختر اور وائس چیئرمین کے طور پر معظم رشید منتخب ہوئے ہیں۔ اس امر کا اعلان خالد مجید، حسن آغا اور زاہد اقبال پر مشتمل سہ رکنی الیکشن کمشن نے آج یہاں پی سی ایم اے کے تیسرے سالانہ اجلاس عام میں کیا۔ اجلاس عام سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین و سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر ایف طفیل، سبکدوش سینئر وائس چیئرمین ظفر محمود ، سابق وائس چیئرمین عبدالقیوم اور نومنتخب وائس چیئرمین معظم رشید نے بھی خطاب کیا۔انتخابی نتائج کے مطابق پی سی ایم اے کی ایگزیکٹو کمیٹی میں خالی ہونے والی 8 خالی نشستوں پر جو نئے 8 امیدوار ایگزیکٹو ممبر منتخب ہوئے ہیں ان میں بن رشید کلر اینڈ کیمیکلز کے معظم رشید، ایگروو لمیٹڈ کے پرویز خان، برجر پینٹس پاکستان کے ظفر قدوائی، بے اے ایس ایف پاکستان کے فیصل اختر، ملٹی ریزنز کے محمد انیس ارائیں، حارث سلیکونز اینڈ گلاس لمیٹد کے حارث ایزد شیخ، زافا فارما سیوٹیکلز لیبارٹریز کے جواد امین اور نمیر ریزنز کے خالد قاضی شامل ہیں۔
سبکدوش ہونے والے چیئرمین زبیر ایف طفیل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں نو منتخب عہدیداروں اور اراکین مجلس عاملہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم نے پی سی ایم اے کو ایک فعال نمائیدہ ادارے کے طور پرعالمی اور مقامی اداروں میں متعارف کرانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی اور سیکرٹری جنرل اقبال قدوائی کی بہترین کوآرڈینیشن کے بغیر یہ سب کچھ ممکن نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک نئی ایسوسی ایشن ہونے کے باوجود آج حکومت کے تمام پالیسی ساز محکموں اور اداروں میں پی سی ایم اے کی نمائیدگی موجود ہے۔ انہوں نے ٹیکسوں کے نظام میں کیمیکل انڈسسٹری کی سفارشات کو تسلیم کرانے میں سابق سینئر وائس چیئرمین ظفر محمود کی انتھک محنت کی خصوصی طور پر تعریف کی۔ نو منتخب وائس چیئرمین معظم رشید نے اپنے خطاب کے دوران اعتراف کیاکہ اپنے یونٹ کو چلانے کے ساتھ ساتھ ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر خدمات انجام دینا ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق عہدیداروں کی طرح نو منتخب عہدیداران بھی اس چیلنج سے عہد ہ براء ہونے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زاتی مفاد کے ساتھ ساتھ اجتماعی مفادات کیلئے کام کو عبادت سمجھ کرکریں گے اور مقامی کیمیکل انڈسٹری کو اندرون و بیرون ملک درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریں گے۔اس موقع پر پی سی ایم اے کے سیکرٹری جنرل اقبال قدوائی نے سابقہ سال کی سرگرمیوں پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ ایسوسی ایشن کے سالانہ حسابات اے جی ایم کی منظوری کیلئے پیش کیئے جنہیں ممبران نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔