حکومت پنجاب کی گندم اجراء کی پالیسی میں واضح تضاد‘ فلورملز ایسوسی ایشن

حکومت پنجاب کی گندم اجراء کی پالیسی میں واضح تضاد‘ فلورملز ایسوسی ایشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چےئرمین حبیب الرحمن خان لغاری ، سابق چےئرمین لیاقت علی خان اور میاں محمد ریاض نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے سرکاری گندم کے اجراء کی پالیسی کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے تحت فلور ملز اور پرائیویٹ پارٹیوں کو 1300 روپے فی من بمعہ باردانہ سرکاری گندم فروخت کی جائے گی ۔پالیسی کے تحت پرائیویٹ پارٹیوں سے سرکاری گندم کے استعمال کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا۔ پرائیویٹ پارٹی سرکاری گندم کو جہاں چاہیے اس گندم کو استعمال کرے یا فروخت کرے ۔پرائیویٹ پارٹی سے اس بارے کوئی حساب کتاب نہیں لیا جائے گا،جبکہ فلور ملز پر قدغن لگائی جا رہی ہے کہ وہ سرکاری گندم کی خریداری کے بعد اس کی پسائی کی بابت تمام ریکارڈ ماہانہ بنیادوں پر فراہم کرنے کی پابند ہونگی ۔ اس کے ساتھ ساتھ فلور ملز ماہانہ بنیادوں پر بجلی کا بل محکمہ خوراک کو دینے کی پابند ہونگی ۔ ہمیں اس امتیازی اور تضاد سے بھرپور پالیسی پر شدید تحفظات ہیں ۔فلور ملز مالکان میں بے چینی پائی جاتی ہے ، فلور ملنگ انڈسٹری پہلے ہی مندے کی وجہ سے گوں نا گوں مسائل کا شکار ہے ۔ایسی پالیسیاں بنا کر انڈسٹری کو مزید مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے ۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے درخواست ہے کہ وہ صورت حال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ۔ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے فلور ملز اور پرائیویٹ پارٹیوں کیلئے مساوانہ اجرائی پالیسی کا اعلان کریں تاکہ فلور ملنگ انڈسٹری میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہوسکے۔

مزید :

کامرس -