پراپرٹی کی آمدن اور اس پر ٹیکس کے تعین سے متعلق ترمیم درست کی جائے‘ لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر)لاہورچیمبر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پراپرٹی کی آمدن اور اس پر ٹیکس کا تعین موجودہ یا سابق سال کے نقصانات کومدنظر رکھتے ہوئے کرنے کے متعلق اس ترمیم کو واپس لیکر درست کیا جائے جو سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے دور میں کی گئی تھی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001میں ترمیم کی تھی جس کے مطابق پراپرٹی کی آمدن اور اس پر ٹیکس کا تعین اس سال یا سابق سال کے نقصانات کو بالائے طاق رکھ کرہوگاجو ناانصافی ہے، اسے فورا درست کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں کی گئی یہ ترمیم ان لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود کاروبار کیے اور لوگوں کو روزگار فراہم کیا۔ انہو ں نے کہا کہ تاجر برادری معاشی بحالی کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کام کرنا چاہتی ہے ، اس کے لیے حکومت کو بھی دوستانہ اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کی جانب سے کی گئی ترمیم کو درست کرے گی۔