کپاس کی فصل کوکیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،محکمہ زراعت

کپاس کی فصل کوکیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،محکمہ زراعت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے پی پی )محکمہ زراعت کے ماہرین نے کسانوں سے کہا ہے کہ کپاس کی فصل آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے اس مرحلہ پر کاشتکار کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی و دیگر نقصان دہ کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کا بندوبست کریں


، فصل پر گلابی سنڈی کے خلاف سپرے جاری رکھنے بارے رہنمائی کی جارہی ہے۔ کپاس کی صاف ستھری چنائی کے فوائد بارے میں کاشتکاروں میں شعور اجاگر کرنے کی مہم جاری ہے اس سلسلہ میں گاؤں، یونین کونسل، مرکز، تحصیل اور ضلع کی سطح پر تربیتی پروگرامز اور فیلڈ ڈیز کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں کپاس کی صاف ستھری چنائی کے عملی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
محکمہ زراعت کیلئے یہ بات خوش آئند ہے کہ اس سیزن کے دوران کپاس کی فصل کا پھل بالکل نہیں گرا گوکہ فصل کا قد قدرے چھوٹا رہ گیا ہے۔ محکمہ زراعت نے افسران کو ہدایت کی کہ اس مرحلہ پر کاشتکاروں کی رہنمائی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے کیونکہ کپاس کی کاشت کے تمام اضلاع میں گلابی سنڈی کے حملہ کی شدت میں اضافہ مشاہدہ میں آرہا ہے لہٰذا اس کے تدارک کیلئے دو سپرے کرائے جائیں تاکہ پیداوار میں کمی نہ ہو نیز کپاس کی کوالٹی بھی متاثر نہ ہو اور کسانوں کو پھٹی کی صحیح قیمت مل سکے۔ محکمہ نے ہدایت کی کہ سفید مکھی اور ملی بگ کے موثر تدارک کے بارے میں کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے۔ جن کھیتوں میں کپاس کی چنائی مکمل ہوچکی ہے وہاں بچے کچے اور اَن کھلے ٹینڈوں کو توڑ کر یا بھیڑ بکریوں کو چرا کر تلف کرنے بارے آگاہی دی جائے تاکہ آنے والے سیزن کیلئے گلابی سنڈی کے حملہ کو کم کیا جاسکے۔ جہاں گلابی سنڈی معاشی نقصان دہ حد سے نیچے ہے وہاں بھی سپرے کرایا جائے کیونکہ سپرے نہ کرنے کی صورت میں یہ معاشی نقصان دہ حد سے تجاوز کرسکتی ہے۔محکمہ کے مطابق ایڈوائزری کے بارے میں کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی کے عمل میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید :

کامرس -