راولپنڈی چیمبر کے نو منتخب صدر و دیگر عہدیداران نے چارج سنبھال لیا

راولپنڈی چیمبر کے نو منتخب صدر و دیگر عہدیداران نے چارج سنبھال لیا

  

راولپنڈی (کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداران صدر ملک شاہد سلیم ،سینئر نائب صدرمحمد بدر ہارون اور نائب صدر محمد فیاض قریشی نے اپنے عہدوں کا باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا۔چارج کی منتقلی کی پروقارتقریب چیمبر میں منعقدکی گئی جس میں گروپ لیڈرزسہیل الطاف، ایس ایم نسیم ،سابق صدور، ممبران مجلس عاملہ ، شہر اور کینٹ کی انجمنِ تاجران کے صدور اور چیمبر کے ممبران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبر کے نئے صدر ملک شاہد سلیم نے تمام سینئر ز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے جوذمہ داری سونپی گئی ہے میری کوشش ہو گی کہ ان کے اعتماد پر پورا اتر سکوں، خطے کی تاجرو صنعت کار برادری کی بہتر ی اور ترقی ہماری اولین ترجیح ہو گی اور اس مقصد کے حصول کے لیے موثر کردار ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی چیمبر کی چھیاسٹھ سالہ تاریخ کا خا صہ ہے کہ ہر نیا صدر جانے والے صدر کے شروع کئے گئے کاموں کو مکمل کرتا ہے ۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ خطے کی تاجر برادری کے مسائل چیمبر کے مسائل ہیں اور انہیں حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ تمام حکومتی اداروں اور انجمن تاجران کے ساتھ قریبی رابطہ بڑھایا جائے گا۔

تقریب سے سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر محمد فیاض قریشی نے بھی خطاب کیا اور اس امر کا یقین دلایا کہ وہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کا م کریں گے اور کاروباری برادری کی بہتری کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ آخر میں گروپ لیڈر زسہیل الطاف اور ایس ایم نسیم نے نئی منتخب ٹیم کو اپنے عہدوں کا چارج سنبھا لنے پر مبارکبا دپیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی قیادت چیمبر کی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے خطے کی تاجر وصنعتکار برادری کی بہتری کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ واضح رہے کہ ملک شاہد سلیم کاروباری برادری میں اپنے انفرادی کام اور بہترین لیڈرشپ خوبیوں کی وجہ سے مشہور بھی ہیں راولپنڈی کی کاروباری برادری ملک شاہد سلیم کی بطور صدر چیمبر تعیناتی کو چیمبر اور خطے کی ترقی سے تعبیر کر رہی ہے اور پُر یقین ہے کہ انکی آمد سے ترقی کے ایک نئے باب کا اضافہ ہو گا۔

مزید :

کامرس -