پاکستان کو معاشی نقصان پہنچانے کے بھارتی اقدامات کیخلاف لاہور چیمبر کا احتجاج

پاکستان کو معاشی نقصان پہنچانے کے بھارتی اقدامات کیخلاف لاہور چیمبر کا ...

  

لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھارت کی جارحیت، پاکستان کو معاشی نقصان پہنچانے، سفارتی آداب کے منافی اقدامات اور خطے کو جنگ میں دھکیلنے کی کوششوں کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ بھارت نہ صرف لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، بلااشتعال پاکستانی علاقوں پر فائرنگ اور معصوم افراد کو شہید کررہا ہے جس سے خطے میں بدامنی کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان معاشی محاذ پر پیش رفت کرتا ہے بھارت اشتعال انگیزی کرکے اس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے جو قابل برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں قطر اور سعودی عرب کے وفود کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی بھارت کی جانب سے ایسی ہی مذموم حرکات کی گئیں ، یہاں تک کہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ بھی کی گئی، ایسے گھناؤنے اقدامات کا سخت نوٹس لینا اور عالمی برادری کی توجہ اس جانب دلانے کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور پاکستانی آبادی پر بے لگام بھارتی فورسز کی فائرنگ اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور عام شہریوں کی شہادت کسی طرح بھی قابلِ قبول نہیں ہے ۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ یورپین یونین، اقوام متحدہ اور آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز سمیت تمام اعلی فورمز پر بھارت کی گھناؤنی حرکات پر فوری آواز بلند کرے کیونکہ بھارت کی غیر ذمہ داری ایک تباہ کن تصادم کی بنیاد رکھ رہی ہے۔

مزید :

کامرس -