لاہورآرٹس کونسل کے تعاون سے مدیحہ گوہر تھیٹر فیسٹیول اختتام پذیر
لاہور (فلم رپورٹر) لاہورآرٹس کونسل کے تعاون سے اجوکا تھیٹر کے زیر اہتمام ہونے والا مدیحہ گوہر تھیٹر فیسٹیول تین روز تک شائقین کو معیاری تفریح فراہم کے بعد اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ ستائیس اور انتیس ستمبر تک جاری رہنے والے ڈرامہ فیسٹیول میں مدیحہ گوہر کے ڈائریکٹ کردہ تین شاہکار اردو ، پنجابی اور سرائیکی کھیل ’’ کالا مینڈا بھیس‘ ‘، ’’ لوپھر بسنت آئی‘‘ اور ’’بلھا‘‘ پیش کئے گئے جنہیں مجموعی طور پر ہزاروں افراد نے دیکھا اور معیاری تفریح کے ساتھ ساتھ سماجی بیداری کے پیغام پر مبنی کھیلوں سے خوب لطف اٹھایا۔پنجابی صوفی شاعر حضرت بابا بلھا شاہ کی حیات پر مبنی آخری کھیل بلھا کی نمائش کے بعد مدیحہ گوہر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں تھیٹر ، ادب اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور لیجنڈ فنکارہ کو ان کی فنی خدمات کے شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔
اختتامی تقریب میں شاہد محمود ندیم نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مدیحہ گوہر نے جس طرح تھیٹر کے ذریعے خواتین اور پسماندہ طبقوں کے حقوق کی علمبرداری کے ساتھ ساتھ امن اور مذہبی رواداری کے پرچارکو اپنا مشن بنایا اسے مستقبل میں بھی اسی پر اثر انداز میں جاری رکھا جائے گا اور عوامی آگاہی اور تعمیری تفریح کے حامل نئے کھیلوں کی پروڈکشن جاری رہے گی۔