چودھری احمد سعید کا انتقال پر ملال

چودھری احمد سعید کا انتقال پر ملال

  

پی آئی اے کے سابق چیئرمین اور سروس انڈسٹریز و شالا مار ہسپتال لاہور کے چیئرمین چودھری احمد سعید کراچی میں انتقال کرگئے، انہیں لاہور میں سپرد خاک کیا گیا، مرحوم ممتاز صنعت کار تھے، ان کے بنائے ہوئے دو ذاتی ادارے سروس انڈسٹریز اور شالا مار ہسپتال آج بھی پوری آب و تاب سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سروس انڈسٹریز کی عمر تو نصف صدی سے زائد ہے، لاہور میں شالا مار ہسپتال اب پھیل کر ٹیچنگ ہسپتال کی شکل اختیار کرچکا ہے، اسی نام سے ایک میڈیکل کالج اور نرسنگ سکول کام کررہا ہے، اور لاہور شہر کے ایک گنجان آباد علاقے کے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کررہا ہے، اس ہسپتال میں آؤٹ ڈور مریضوں کو صبح اور شام کے اوقات میں طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ ہسپتال میں مریضوں کے داخلے کے لئے وارڈز اور پرائیویٹ روم بھی ہیں، یہ ہسپتال جہاں ایک کامیاب کاروباری ادارہ ہے وہاں فلاحی خدمات بھی ادا کررہا ہے، اور مستحق مریضوں کا علاج فری کیا جاتا ہے، یا پھر مختلف قسم کی سہولتیں معقول فیس وصول کرکے فراہم کی جاتی ہیں، سروس انڈسٹریز کا قیام اس وقت عمل میں آیا جب پاکستان میں صنعت کا شعبہ ابھی زیادہ ترقی یافتہ نہیں تھا، اس ادارے نے صنعت جفت سازی اور ٹائر ٹیوب وغیرہ کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، ان کامیابیوں میں چودھری احمد سعید کی ان تھک محنت کا بہت دخل تھا، اپنے اداروں کے علاوہ انہیں پی آئی اے اور زرعی ترقیاتی بینک کی سربراہی کا بھی موقع میسر آیا اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے دونوں اداروں میں اپنی شخصیت کے نقوش ثبت کئے، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔

مزید :

رائے -اداریہ -