اسلام کا صحیح تشخص اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے،ذکر اللہ مجاہد

اسلام کا صحیح تشخص اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے،ذکر اللہ مجاہد

  

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اصلاح اور تبلیغ کیلئے آمادہ جماعتیں رھبانیت کی تبلیغ کر رہی ہیں اور عملاََ سیکولرازم کے فروغ کا باعث ہیں جبکہ موجودہ حالات میں عوام میں اسلام کے صحیح تصور کو اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام امن ،سلامتی ، بھائی چارے اور تمام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 160 کے زیر اہتمام تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکمران عوامی مسائل کاکوئی حل پیش کرنے سے قاصر نظر آرہے ہیں ۔ 70سال قبل ہم نے انگریز وں سے آزادی حاصل کی تھی لیکن اب دوبارہ مغرب اور امریکہ کے غلام بن چکے ہیں ۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں حکومتیں بھی غیر ملکی طاقتوں کی سپورٹ سے آتی ہیں ۔مغربی معاشرت و اخلاق کے اثرات اتنے گہرے ہو چکے ہیں کہ اب ہمارے معاشرے میں بھی شراب و کباب ، زنا، فحش اخلاق باختہ ٹی وی شوز، نیم برہنہ مغربی مبلوسات اب ہمارے تعلیمی اداروں اور گھروں میں عام ہوچکے ہیں ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ ہم بحیثیث قوم اجتماعی طور پر اپنی اور پاکستان کی اصلاح اور اسلام کی نشاۃثانیہ کے لیے کمر بستہ ہوجائیں اور نظام کی تبدیلی کے بغیر اصلاح ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم کام کے لیے اسلامی ذہنیت ، تعمیری صلاحیت ، مضبوط سیرت اور مستحکم اداروں کے حامل افراد کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے جماعت اسلامی ایک مضبوط پلیٹ فارم پر کام رہی ہے اور ہمارے پاس تمام شعبوں میں تعلیم یافتہ اور دیانتدار اور صالح لوگ موجود ہیں ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -