سنکرونائزڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹو پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین منتخب
لاہور(سٹی رپورٹر) پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن نے سنکرونائز میڈیا (پرائیویٹ)لمٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکو نیاچیئرمین منتخب کر لیا۔ پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس میں ایسو سی ایشن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے نئے عہدیداران کا انتخاب کیا گیا۔ 2018۔2019ء کی مدت کے لیے منتخب ہونے والے دیگر عہدیداروں میں ایم کمیونیکیشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، سہیل کسات بطور سینئر وائس چیئرمین، دی برانڈ پارٹنرشپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نعمان نبی احمدبطور وائس چیئرمین شامل ہیں۔پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے اراکین کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علی مانڈوی والا نے کہا،’’اس موقع کا ملنا میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ میں تمام فریقین کو یقین دلاتا ہوں کہ میری تمام کوششیں پاکستانی ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کودرپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہوں گی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات ونشریات، فواد چودھری نے کہا،’’میں پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئر مین اور عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حکومت پاکستان ایڈورٹائزنگ انڈسٹری کی اہمیت سے آگاہ ہے۔‘‘سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے نو منتخب اراکین میں ایڈیٹیوڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سید علی رضا، آرگس ایڈورٹائزنگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسن انصاری، جے والٹر تھامپسن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر وائے مراد، مین ہل ایڈورٹائزنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر واثق علی خان، میکسم ایڈور ٹائزنگ کے ڈائریکٹر بلال تنویر، ایم سی ایم ایڈورٹائزنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمود پاریکھ، ریولوشن میڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مبین ملک، اسپائیڈر 360میڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر تابش وقار اور ٹی این آئی کمیونکیشنز کے ذیشان خان شامل ہیں۔خواتین کے لیے مخصوص دو نشستوں پر میڈیا ایڈ کمیونیکشنز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ فاطمہ کسات اور بونڈ ایڈورٹائزنگ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ سیما جعفرمنتخب ہوئیں۔ پاکستان ایڈور ٹائزنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل طارق رشید اور دیگر شریک ارکان نے نو منتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی۔