یونیک گروپ کے زیراہتمام چھاتی کے کینسر پر خصوصی آگاہی سیمینار
لاہور ( سٹی رپورٹر ) یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام خواتین میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد یونیک گروپ کے ڈاکٹر نثار آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے ماہرین کی ٹیم نے چھاتی کے کینسر کے حوالے سے طالبات کوآگاہی فراہم کی۔ اس موقع پرشوکت خانم کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نمرہ کا کہنا تھا کہ صحت مند زندگی کے لئے مناسب غذا اور ورزش ضروری ہے
کے ساتھ ساتھ خواتین میں کینسر کے حوالے سے شعوربھی اجاگرکیا جانا چاہیے تاکہ وہ صحت مند انداز سے سماجی سطح پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔ سیمینار میں بتایا گیا کہ ملک میںآگاہی کے فقدان کے باعث ہر سال ہزاروں خواتین مرض میں مبتلاہوتی ہیں جس کے باعث بیشتر مرض کا مقابلہ کرنے سے قاصر رہتے ہوئے زندگی کی جنگ ہار جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ پاکستان ایشیا میں بریسٹ کینسر کے مرض کے پھیلاؤ کے حوالے سے سرفہرست ہے جس کی بنیادی وجہ خواتین میں مرض سے متعلق شعور کی کمی ہے۔ سیمینار کے دوران یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی سینئر پرنسپل میڈم فریحہ سلطانہ نے کہا کہ آج کے سیمینار کے انعقاد کا مقصد یونیک کی طالبات میں مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ 13 سے 19 سال سے تعلق رکھنے والی بچیاں اپنی صحت پر خصوصی توجہ دے سکیں اور اسی سے مرض کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال سے آنے والی ماہرین کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طالبات کی مرض سے بچاؤ سے متعلق بھرپور رہنمائی کی۔