اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنیوالی فلسطینی لڑکی کیلئے ریال میڈرڈ کا تحفہ
میڈرڈ(سپورٹس ڈیسک)دنیائے فٹبال کے معروف کلب ریال میڈرڈ نے آزادی کا استعارہ بننے والی فلسطینی لڑکی احد تمیمی کی عزت افزائی کرتے ہوئے انہیں کلب کی اعزازی شرٹ کا تحفہ دیا ہے جس پر احد کا ہی نام لکھا ہے۔اسرائیلی فوجی کو تھپڑ رسید کرنے پر 8 ماہ جیل کاٹنے والی فلسطینی مزاحمت کی نشانی احد تمیمی کو ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ نے اعزازی طور پر اپنے تاریخی اسٹیڈیم میں مدعو کیا۔ریال میڈرڈ کلب کے سینئر افسر اور سابق لیجنڈری ایمیلو سے احمد تمیمی اور ان کے والد نے ملاقات کی جس میں کلب کی جانب سے انہیں ایک اعزازی ٹی شرٹ کا تحفہ دیا گیا جس پر ’احد ‘ لکھا تھا اور جرسی کا نمبر 9 درج تھا۔عمومی طور پر 9 نمبر کی جرسی اسٹرائیکرز کو دی جاتی ہے۔ اس موقع پر ایک یادگاری تصویر بھی بنائی گئی جس میں کلب کی جیتی ہوئی ٹرافیز نظر آرہی ہیں۔دوسری جانب دنیا کے معروف کلب کی جانب سے احد تمیمی کی حوصلہ افزائی پر اسرائیلی سیخ پا ہوگئے، اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ٹوئٹر پر ریال میڈرڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔