2014ء کے دھرنوں کے پیچھے لندن پلان تھا ، خرم نواز گنڈاپور کا اعتراف

2014ء کے دھرنوں کے پیچھے لندن پلان تھا ، خرم نواز گنڈاپور کا اعتراف

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے اعتراف کیا ہے 2014ء کے دھرنوں کے پیچھے لندن پلان تھا ۔گزشتہ روزایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انکامزید کہنا تھا عمران خان، پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین نے لندن میں طا ہرالقادری سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کیخلاف تحریک چلائی جائے گی تاکہ اسے ہٹایا جا سکے ۔ چیئر مین تحریک انصاف عمران خان ماضی میں لندن پلان کی حقیقت سے انکار کرتے رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا لندن پلان ہوا ہے لارڈز ٹیسٹ میچ کے حوالے سے، مجھے کوئی چھپانے کی چیز ہو تو میں لندن میں جا کر میٹنگ کروں یا تو میں نے کوئی خفیہ سازش کرنی ہو،ان کا کہنا تھا آگے کیا ہو سکتا ہے یہ تو میں نہیں کہہ سکتا کیونکہ میری کوئی میٹنگ نہیں ہوئی جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی لندن پلان کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا لندن پلان کی کوئی حقیقت نہیں ، یہ حکومت کا پروپیگنڈا ہے، میں ملاقات سے انکار نہیں کروں گا، کیا سیاسی رہنما آپس میں ملتے نہیں ہیں؟جبکہ مسلم لیگ( ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے اپنے بیان میں کہنا ہے جب ہم لندن پلان کے بارے میں بتاتے تھے تو کوئی مانتا نہیں تھا، آج ان لوگوں نے خود اعتراف کر لیا ہے، 2013ء سے 2018ء تک ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی، ا گر دھرنے نہ ہوتے تو ملک مزید ترقی کرتا۔خیال رہے 2014ء میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے اس وقت کی حکومت کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دیا گیا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -